1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان سے یو این کے عملے کا انخلاء

21 جون 2010

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ وہ افغانستان میں تعینات اپنا غیر ملکی عملہ مزید کم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس عالمی ادارے کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں غیر ملکی امدادی عملہ طالبان باغیوں کے ہدف پر ہے۔

https://p.dw.com/p/NyC9
تصویر: DW

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ غیر ملکی عملے پر ممکنہ حملوں کے پیش نظر وہ ارادہ رکھتے ہیں کہ وہاں تعینات غیر ملکی عملے کو مزید کم کر دیں۔

کابل میں واقع اقوام متحدہ کے ایک گیسٹ ہاؤس پر نومبر میں ہوئے ایک دہشت گردانہ حملے کے بعد ادارے نے اپنے سینکڑوں کارکن پہلے ہی وہاں سے نکال لئے تھے۔ اس حملے میں پانچ غیر ملکی ہلاک ہو گئے تھے۔

اقوام متحدہ کی نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں سیکیورٹی کی مخدوش صورتحال کی وجہ سے وہاں اقوام متحدہ کے عملے، اثاثوں اور کارروائیوں کو سخت خطرات لاحق ہیں۔ اطلاعات کے مطابق آئندہ تین مہینوں کے دوران افغانستان میں تعینات اس ادارے کے زیادہ ترعملے کو کویت منتقل کر دیا جائے گا، جہاں اقوام متحدہ کا عراق مشن پہلے سے ہی کام کر رہا ہے۔ بان کی مون نے کہا ہے کہ عملے کی منقتلی سے افغانستان میں ادارے کے جاری آپریشنز پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

UN-Gästehaus von taliban gestürmt Flash-Galerie
کابل میں واقع اقوام متحدہ کے ایک گیسٹ ہاؤس پر نومبر میں ہوئے ایک دہشت گردانہ حملے کے بعد ادارے نے اپنے سینکڑوں کارکن پہلے ہی وہاں سے نکال لئے تھےتصویر: AP

اس رپورٹ میں تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ کتنے لوگ افغانستان سے منتقل کئے جائیں گے۔ کابل میں اقوام متحدہ کے ترجمان ڈین مک نورٹن نے کہا ہے کہ منتقل کئے جانے والے عملے کی تعداد کوئی زیادہ نہیں ہو گی۔

بان کی مون نے یہ اعتراف بھی کیا ہے کہ افغانستان کی خستہ حالت کے باعث غیر ملکی عملہ افغانستان جانے سے کترا رہا ہے، جس کی وجہ سے وہاں امدادی کاموں میں کچھ مشکلات کا سامنا بھی درپیش ہے۔

اس رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سن 2001ء میں افغانستان پرغیر ملکی افواج کے حملے بعد حالات کنٹرول میں آ گئے تھے تاہم گزشتہ کچھ مہینوں سے تشدد آمیز واقعات میں ایک مرتبہ پھر خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود کش حملوں، سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے اور دیگر حملوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں