1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغانستان میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے 13سویلین ہلاک

19 جنوری 2011

افغان صوبہ پکتیکا میں سڑک کنارے نصب ایک بم پھٹنے سے کم ازکم 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/zzYR
تصویر: AP

افغان وزارت داخلہ کے مطابق دھماکے کی وجہ سے ایک رکشہ تباہ ہوگیا، جس میں سوار بزرگ افراد، خواتین اور بچوں سمیت 13بے گناہ افراد ہلاک ہوئے۔ وزارت داخلہ نے اس دھماکے کی ذمہ داری 'افغان عوام کے دشمنوں' پر عائد کی ہے۔ یہ استعارہ عام طور پر طالبان کے لیے ہی استعمال کیا جاتا ہے۔

Anschlag in Afghanistan
سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے غیرملکی فوجیوں کے علاوہ سویلین افراد بھی اکثروبیشتر ہلاک ہوتے رہتے ہیںتصویر: AP

افغانستان میں پچھلے چار دنوں کے دوران سڑک کنارے نصب بم پھٹنے کے وجہ سے عام شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد 28 ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز صوبہ ہلمند کے ضلع سنگین میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے چھ افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ اس سے ایک روز قبل افغانستان کے شمالی حصے میں شادی میں شرکت کے لیے جانے والا خاندان ایک ایسے ہی بم کا نشانہ بنا تھا، جس کےنتیجے میں نو افراد ہلاک ہوئے جن میں چھ خواتین اور ایک بچہ شامل تھا۔

طالبان کی طرف سے اس طرح کے دیسی ساختہ بموں کا استعمال کثرت سے کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے غیرملکی فوجیوں کے علاوہ سویلین افراد بھی اکثر وبیشتر ہلاک ہوتے رہتے ہیں۔ حالیہ دھماکہ صوبہ پکتیکا کے ضلع خوشامند میں ہوا ہے، جو پاکستانی سرحد کے قریب واقع ہے۔

افغان حکام کے مطابق گزشتہ برس یعنی 2010ء کے دوران مجموعی طور پر 2043 سویلین افراد طالبان کے حملوں یا طالبان کے خلاف کیے جانے والے آپریشنز کے دوران مارے گئے۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید