1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

افغان سرحد سے فائرنگ، سات پاکستانی فوجی ہلاک

عاطف بلوچ27 اکتوبر 2015

پاکستانی فوجی حکام نے بتایا ہے کہ افغانستان سے سرحد پار فائرنگ کے نتیجے میں سات فوجی مارے گئے ہیں۔ یہ واضح نہیں کہ یہ فائرنگ جنگجوؤں نے کی یا افغان فورسز کی طرف سے کی گئی۔

https://p.dw.com/p/1Guj1
Pakistanische Soldaten Offensive in Waziristan Archiv Juli 2014
تصویر: AFP/Getty Images/A. Qureshi

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پاکستانی فوجی حکام کے حوالے سے منگل ستائیس اکتوبر کو بتایا ہے کہ افغان سرحد سے متصل قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں واقع انگور اڈہ کی چیک پوائنٹ پر اچانک فائرنگ کر دی گئی۔ پاکستانی فوج کے ایک بیان کے مطابق، ’’افغانستان سے کی گئی فائرنگ کی وجہ سے سات فوجی شہید ہو گئے ہیں۔‘‘

پاکستان کا قبائلی علاقہ جنوبی وزیرستان طالبان اور القاعدہ نیٹ ورک کے حامیوں کا ایک گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔ جب سے پاکستانی فوج نے ان علاقوں میں مقامی جنگجوؤں کی خلاف کارروائی شروع کی ہے، تب سے یہ علاقہ مزید شورش کا شکار ہو چکا ہے۔ پاکستانی فوج نے پہلی مرتبہ 2008ء میں اس قبائلی علاقے میں جنگجوؤں کے خلاف عسکری آپریشن شروع کیا تھا۔

کہا جاتا ہے کہ اس علاقے میں فعال بہت سے شدت پسندوں نے پاکستانی فوج کی کارروائی سے بچنے کے لیے ہمسایہ ملک افغانستان میں پناہ لے رکھی ہے، جو وہاں قائم اپنے محفوظ ٹھکانوں میں موجود ہیں۔ اسلام آباد الزام عائد کرتا ہے کہ یہی جنگجو پاکستان میں داخل ہو کر سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف کارروائی کر کے واپس افغانستان فرار ہو جاتے ہیں۔

پاکستانی فوج پر افغانستان سے سرحد پار حملہ آخری مرتبہ دو ماہ قبل ہی کیا گیا تھا۔ اس حملے میں افغان سرحدی علاقوں سے خیبر ایجسنی میں راکٹ فائر کیے گئے تھے، جن کی زد میں آ کر چار پاکستانی فوجی ہلاک جبکہ چار ہی زخمی ہو گئے تھے۔

Pakistanische Soldaten Offensive in Waziristan Archiv Juli 2014
پاکستانی فوج نے گزشتہ برس جون میں شمالی وزیرستان میں بھی عسکری کارروائی شروع کر دی تھی، جس کا مقصد ان علاقوں سے شدت پسندوں کا خاتمہ بتایا گیا ہےتصویر: AFP/Getty Images/A. Qureshi

پاکستانی فوج نے گزشتہ برس جون میں شمالی وزیرستان میں بھی عسکری کارروائی شروع کر دی تھی، جس کا مقصد ان علاقوں سے شدت پسندوں کا خاتمہ بتایا گیا ہے۔ یہ کارروائی آج تک جاری ہے، جس میں فوجی حکام کے مطابق سینکڑوں شدت پسند ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

افغانستان کا الزام ہے کہ پاکستان کے ان قبائلی علاقوں میں سرگرم جنگجو افغانستان میں حملے کرتے ہیں۔ تاہم پاکستانی حکومت ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کابل حکومت پر الزام دھرتی ہے کہ افغانستان کے سرحدی علاقوں میں جنگجو فعال ہیں، جو پاکستان میں داخل ہو کر کارروائیاں کرتے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید