1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل نے حلف اٹھا لیا

عابد حسین
13 دسمبر 2016

انتونیوگوتیرس نے پیر 12 دسمبر کی شام اقوام متحدہ کے آئندہ سیکرٹری جنرل کے طور پر اپنے منصب کا حلف اٹھا لیا ہے۔ وہ پہلی جنوری سے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

https://p.dw.com/p/2UBmL
UN Generalversammlung - Antonio Guterres, Vereidigung als Generalsekretär in New York
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Lane

سابق پرتگالی وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کے آئندہ سربراہ کے عہدے کا حلف ادارے کے چارٹر پر ہاتھ رکھ کر اٹھایا۔ اُن سے حلف عالمی ادارے کی جنرل اسمبلی کے صدر پیٹر تھامسن نے لیا۔ وہ یکم جنوری سن 2017 سے اِس منصب پر براجمان ہو جائیں گے۔ گوتیرس موجودہ سیکرٹری جنرل بان کی مون کی جگہ سنبھالیں گے۔ بان کی مون مسلسل دو مدتوں کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل رہے ہیں اور اب وہ اپنے ملک جنوبی کوریا کی سیاست میں متحرک ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

حلف اٹھانے کے بعد جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نئے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اقوام متحدہ کثیر القومی اور کثیر الجہتی ادارہ ہے اور کئی دہائیوں سے عالمی امن کے فروغ میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے لیکن موجودہ دور میں امن کے چیلنجز، ادارے کی استطاعت سے زیادہ ہو گئے ہیں۔ گوتیرس نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کو ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

پرتگال کے سوشلسٹ سیاستدان نے یہ بھی کہا کہ اقوام متحدہ کے لیے اپنی کمیوں کا ادراک کرنا ضروری ہے اور ان کے لیے بھرپور اصلاحاتی عمل وقت کی ضرورت ہے۔ گوتیرس کے خیال میں عالمی ادارے کو ناکامیوں کا احساس کرتے ہوئے مستقبل میں بحرانی صورت حال میں ماضی کی کوتاہیوں اور کمزوریوں کو اپنے سامنے رکھنا ہو گا۔ حلف اٹھانے کے بعد تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کئی تنازعات میں ذاتی طور پر اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔

UN Generalversammlung - Antonio Guterres, Vereidigung als Generalsekretär in New York
اقوام متحدہ کے موجودہ سیکرٹری جنرل بان کی مون (بائیں) اور اگلے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرستصویر: Reuters/L. Jackson

گوتیرس نے اِس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ عالمی امن کے لیے  جہاں کوششیں کریں گے وہاں وہ خواتین کو اِس عالمی ادارے کی کلیدی عہدوں پر بھی تعینات کریں گے۔ اس سلسلے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ سب سے پہلے نائجیریا کی خاتون وزیر ماحولیات امینہ محمد کو یُو این کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نامزد کریں گے۔

گوتیرس اپنے ملک پرتگال کے سن 1995 سے سن 2002 تک وزیراعظم رہے تھے۔ انہی کی کاوشوں سے پرتگال یورپی یونین کا رکن بنا اور وہ اپنی عوام کی مجموعی صورت حال میں مثبت تبدیلی پیدا کرنے میں بھی وہ کامیاب رہے تھے۔ سن 2005 سے وہ اقوام متحدہ کی ریفیوجی ایجنسی کے دس برس تک سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ عالمی سطح پر یہ محسوس کیا جا رہا ہے کہ پرتگال کے سابق سوشل ڈیموکریٹ سیاستدان سیکرٹری جنرل کے موجودہ چیلنجنگ دور کے لیے سب سے اہل شخصیت ہیں۔

وہ بنیادی طور پیشے کے اعتبار سے انجینیئر اور عقیدتاً فعال کیتھولک ہیں۔