1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

البانیہ میں اپوزیشن پر بغاوت کا الزام

22 جنوری 2011

یورپی ملک البانیہ کے وزیراعظم نے اپوزیشن پارٹی پر حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے تاہم انہوں نے کہا ہے کہ ایسی کوئی بھی کوشش کامیاب نہیں ہو سکے گی۔

https://p.dw.com/p/100vb
تصویر: AP

البانیہ کے وزیراعظم Sali Berisha کا یہ بیان ہفتے کے دن اس وقت سامنے آیا جب ایک روز قبل یعنی جمعہ کو حکومت مخالف احتجاج کے دوران تین مظاہرین پولیس کے ساتھ تصادم کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ اس تصادم میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

البانوی وزیراعظم نےاپوزیشن سوشلسٹ پارٹی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ تیونس کی طرح کا انقلاب لانے کی کوشش میں ہے،’ اس ملک میں کوئی بھی پر تشدد طریقے سے طاقت حاصل نہیں کر سکتا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت البانوی عوام کی آزاد رائے کو متاثر نہیں کر سکتی ہے۔

البانوی وزیراعظم کے بقول، حکومت مخالف مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی، جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے گولے برسائے۔ دوسری طرف ترانہ کے میئر اور اپوزیشن جماعت کے سربراہ Edi Rama نے تمام تر الزامات کو مسترد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے حکومتی عمارات و دفاتر میں داخل ہونے کی کوشش نہیں کی۔

NO FLASH Tirana Polizei Proteste
ترانہ میں مظاہرین سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی فورسز کے دستے تیار کھڑے ہیںتصویر: AP

گزشتہ روز ہزاروں مظاہرین نے ملکی دارالحکومت ترانہ میں وزیر اعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ مظاہرے منعقد کرنے والے اپوزیشن کے ایک رہنما نے خبر رساں ادارے AFP کو بتایا کہ پولیس نے مظاہرین کو اشتعال دلایا اور طاقت کا ناجائز استعمال کیا۔

یورپ کےغریب ترین ممالک میں شمار ہونے والے ملک البانیہ میں صورتحال سن 2009ء کے انتخابات کے بعد سے ہی خراب ہے۔ اپوزیشن نے ان انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے تھے۔ اگرچہ وہاں پارلیمانی انتخابات سن2013ء میں منعقد ہونا طے ہیں تاہم اپوزیشن قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید