1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

الجزائر میں پر تشدد مظاہرے، مغربی ممالک کی تنقید

14 فروری 2011

الجزائر میں سینکڑوں حکومت مخالف مظاہرین اور پولیس کے مابین ہونے والے تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ جرمنی اور امریکہ نے الجزیرہ حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ طاقت کا ناجائز استعمال نہ کرے۔

https://p.dw.com/p/10Ggv
تصویر: picture alliance/dpa

اتوار کو الجزائر کے شہر Annaba میں اپوزیشن نے حکومت مخالف مظاہروں کا اہتمام کیا، جن میں سینکڑوں افراد نے شریک ہو کر صدر عبدالعزیز بوتفليقا سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منشتر کرنے کی کوشش کی تو اطراف کے درمیان تصادم شروع ہو گیا۔ تصادم کے دوران مظاہرین نے سکیورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ بھی کیا۔

اطلاعات کے مطابق اس احتجاج کے دوران پولیس نے درجنوں مظاہرین کو گرفتار کر لیا اور صحافیوں پر بھی تشدد کیا گیا۔ ملک میں تبدیلی کی خواہاں اپوزیشن کے سرکردہ رہنما مصطفےٰ بوشاشی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ وہ احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے اوراس سلسلے میں 19 فروری کو دوبارہ احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

Algerien Algier Unruhen Proteste Demonstration NO FLASH
مغربی ممالک نے الجزائر میں مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال پر مذمت کی ہےتصویر: AP

ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق ہفتے کے روز بھی ملکی دارالحکومت الجزائر میں ایک احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔ اس مظاہرے میں کم از کم دو ہزار افراد نے شرکت کی تھی جبکہ اس دوران 30 ہزار سکیورٹی اہلکار خصوصی طور پر وہاں متعین کیے گئے تھے۔

تیونس اور مصر کے بعد اب دیگر ممالک کے عوام کو بھی یہ تحریک ملی ہے کہ وہ بھی اپنے اپنے ملکوں میں ’ناپسندیدہ لیکن برسر اقتدار‘ حکمرانوں کو ایوان ہائے اقتدار سے الگ کر دیں۔ الجزائر کے علاوہ ایسے مظاہرے یمن میں بھی دیکھے جا رہے ہیں۔

دوسری طرف امریکی حکام نے الجزائر میں مظاہرین کے خلاف طاقت کے ناجائز استعمال کی مذمت کی ہے۔ واشنگٹن حکومت نے کہا ہے کہ الجزائر میں سکیورٹی فورسز تحمل کا مظاہرہ کریں۔ امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان فلپ کراؤلی نے کہا، ’ہم الجزائر کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کی حمایت کرتے ہیں۔ انہی حقوق میں آزادی رائے اور اسمبلی کا حق بھی شامل ہے۔‘

اسی طرح جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے نے بھی الجزائر کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ تشدد کا سہارا نہ لے۔ اتوار کو اپنے ایک نشریاتی انٹرویو میں انہوں نے کہا، ’جرمن حکومت الجزائر پر زور دیتی ہے کہ وہ مظاہرین کے خلاف ہر قسم کے تشدد سے باز رہے۔‘ ویسٹر ویلے نے مزید کہا کہ الجزائر کے لوگ صرف اپنے حقوق کی بات کر رہے ہیں۔ ’’مظاہرین آزادی چاہتے ہیں۔‘‘

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں