1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

القاعدہ اور پاک بھارت کشیدگی: رابرٹ گیٹس کا خدشہ

20 جنوری 2010

بھارت کا دورہ کرنے والے امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے بدھ کے روز خدشہ ظاہر کیا کہ بھارت میں ممبئی حملوں جیسی کوئی بھی نئی دہشت گردانہ کارروائی اسلام آباد اور نئی دہلی کو جنگ کے دہانے پر پہنچا سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/Lbo3
امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹستصویر: AP

رابرٹ گیٹس کے اس بیان نے سفارتی حلقوں میں پائے جانے والے اس خوف کی ترجمانی کی ہے کہ دہشت گرد گروپ اپنی ممکنہ کارروائیوں سے جنوبی ایشیا کے خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔

امریکی وزیر دفاع نے نئی دہلی میں کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں موجود بعض دہشت گرد گروپ بھارت اور پاکستان کے باہمی تعلقات میں کشیدگی پیدا کی کوششیں کرتے رہے ہیں۔ گیٹس کے مطابق یہ عسکریت پسند گروہ جن میں لشکر طیبہ بھی شامل ہے، دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ کے ساتھ مل کر علاقے کا امن و استحکام تباہ کرنے کے درپے ہیں۔

گیٹس نے مزید کہا کہ القاعدہ کی چھتری کے نیچے کام کرنے والے ایسے گروپ صرف افغانستان اور پاکستان کا ہی امن تباہ نہیں کرنا چاہتے بلکہ وہ پورے جنوبی ایشیائی خطے کو غیر مستحکم بنانا چاہتے ہیں، جس کے لئے وہ بعض اشتعال انگیز کارروائیوں یا دہشت گردانہ حملوں کا سہارا بھی لے سکتے ہیں۔

Konflikt Indien Pakistan
رابرٹ گیٹس کے مطابق نئی پاک بھارت کشیدگی سے ممکنہ فائدہ صرف دہشت گردوں کو ہوگا

قبل ازیں منگل کو رابرٹ گیٹس نے ممبئی حملوں کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بڑھ جانے کے باوجود بھارت کی جانب سے صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑنے کی تعریف کی تھی۔ تاہم اس بارے میں امریکی وزیر نے یہ بھی کہا تھا کہ یہ امید کرنا خلاف عقل ہوگا کہ ایسی کسی بھی نئی کارروائی کی صورت میں بھارت مسلسل صبر کا دامن تھامے رہے گا۔

پاکستان اور بھارت کےدرمیان اس ماہ کے دوران کشمیر کے متنازعہ علاقے میں فائرنگ کے متعدد واقعات نے ایٹمی صلاحیت کی حامل ان دونوں ریاستوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر عالمی برادری کو پہلے ہی تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔ منگل کے روز ایسی ہی ایک نئی سرحدی جھڑپ میں ایک پاکستانی فوجی ہلاک بھی ہو گیا تھا۔

امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس منگل 19 جنوری کو اپنے ایک دو روزہ سرکاری دورے پر بھارت پہنچے تھے، جہاں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ اور وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کے علاوہ آج بدھ کو اپنے بھارتی ہم منصب اے کے انتھونی سے بھی ملاقات کی۔ رابرٹ گیٹس نے اپنے اس دورے کے دوران بھارت کو مزید جدید ہتھیاروں کی فروخت کے حوالے سے ایک نئے دفاعی معاہدے پر دستخط کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

رپورٹ: افسر اعوان

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید