1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا: امیر اور غریبوں کی متوقع اوسط عمر میں فرق

عدنان اسحاق12 اپریل 2016

دنیا بھر میں امیر اور غریب لوگوں کی متوقع اوسط عمر میں فرق پایا جاتا ہے۔ ایک تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس صدی کے آغاز سے امریکا میں یہ فرق اور بھی بڑھ گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1ITy3
تصویر: picture-alliance/dpa

تھوماس روئٹرز فاؤنڈیشن کی ایک رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ امریکا کا ایک امیر شہری ایک غریب شخص کے مقابلے میں اوسطاً پندرہ سال زیادہ جیتا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق امریکا کے زیادہ کمانے والے مردوں اور خواتین کی اوسط عمر میں 2001ء سے 2014ء کے درمیان دو سال کا اضافہ ہوا ہے جبکہ دوسری جانب غریب ترین افراد کی مدت زندگی میں کوئی فرق نہیں پڑا۔

امریکا کے مختلف علاقوں میں اوسط عمر بھی ایک دوسرے سے مختلف ہے۔ مثلاً نیواڈا، اوکلوہاما، اور انڈیانا میں مدت زندگی 77.9 سال ہے جبکہ نیو یارک اور ورمونٹ میں کم آمدنی والے یا غریب افراد 80.6 سال تک زندہ گزارتے ہیں۔ امریکا کے انتہائی غریب ایک فیصد مردوں کی اوسط زندگی اتنی ہی ہے جتنی کہ سوڈان اور پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کے مردوں کی ہے۔

Flash-Galerie Männer Shopping
تصویر: picture-alliance / ZB

محقیقن پر امید ہیں کہ ان کی اس رپورٹ سے امریکا میں صحت سے متعلق پالیسیوں کو زیادہ مربوط بناتے ہوئے زندگی کے امکانات میں موجود اس فرق کو کم سے کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔’’اوسط عمر کا فرق وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتا جا رہا ہے اور اس کی وجوہات بدستور بحث کی جا سکتی ہے۔‘‘

ابھی گزشتہ برس اقتصادی تعاون اور ترقی کی بین الاقوامی تنظیم (او ای سی ڈی) کی طرف سے دنیا کے چونتیس امیر ممالک میں رہنے والے باشندوں کی متوقع زندگی کے بارے میں نئے اعداد و شمار پیش کیے گئے تھے۔ اس کے مطابق 78.8 برس کی اوسط عمر کے ساتھ امریکا ستائیسویں نمبر پر ہے۔ بتایا گیا ہے کہ چالیس برس پہلے امریکی شہریوں کی اوسط عمر آج کے مقابلے میں زیادہ تھی۔ دوسری جانب صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے امریکا اس سروے میں شامل دیگر امیر ممالک سے کہیں آگے ہے۔