1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’امریکا اپنے وعدوں کا احترام نہیں کر رہا‘ ایران کی شکایت

کشور مصطفیٰ16 اپریل 2016

یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیدیرکا موگیرینی ہفتے کے روز چھ مزید شعبوں کے یورپی کمشنرز کے ہمراہ ایران کے دورے پر تہران پہنچ گئیں۔

https://p.dw.com/p/1IWzt
Iran EU-Außenbeauftragte Federica Mogherini & Mohammad Javad Zarif
تصویر: Getty Images/AFP/A. Kenare

ایران اور دنیا کی بڑی طاقتوں کے مابین جوہری تنازعے سے متعلق معاہدہ طے پانے کے بعد اعلیٰ سطحی یورپی وفد کا ایران کا یہ پہلا دورہ ہے جو ایک ایسے نازک وقت میں عمل میں آ رہا ہے جب طے شدہ معاہدے پر عمل درآمد کے سلسلے میں فریقین کے مابین کشیدگی پائی جاتی ہے۔

ایران کے ساتھ چھ بڑی عالمی طاقتوں کے معاہدے کے طے پانے میں موگیرینی نے ہی مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ ان کے ساتھ تہران پہنچنے والے سیاسی اور اقتصادی وفود کے علاوہ توانائی، آب و ہوا، تحقیق، تعلیم، نقل و حمل اور انسانی امور کے یورپی کمشنرز بھی ایران پہنچے ہیں۔

ہفتے کو موگیرینی کی پہلی ملاقات ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ ہوئی جس میں یورپ اور ایران کے مابین اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے علاوہ شام کے بحران اور ایران میں بہت بڑی تعداد میں سزائے موت کی سزا جیسے حساس موضوعات پر بھی بات چیت ہوئی۔ بعد ازاں ظریف اور موگیرینی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔

Iran EU-Außenbeauftragte Federica Mogherini
موگیرینی نے کے بقول جوہری ڈیل طے پانے کے تین ماہ گزرنے کے بعد بھی فریقین کے مابین کشیدگی پائی جاتی ہےتصویر: Getty Images/AFP/A. Kenare

اس موقع پر ایران کی طرف سے کہا گیا کہ تہران امریکا پر دباؤ ڈالے گا کہ وہ امریکی بینکوں تک ایران کی رسائی کو ممکن بنانے کے لیے موثر اقدامات کرے۔ ظریف نے کانفرنس سے خطاب میں کہا، ’’ معاہدے کے تحت، تمام جوہری ہتھیاروں سے متعلق پابندیاں اٹھا لی گئیں لیکن امریکی حکام اپنی جانب سے اس ڈیل کا احترام کرنے میں ناکام رہے اور اس پر اب تک عملدرآمد نہ ہونے کی ذمہ داری مغرب، بالخصوص امریکا پر عائد ہوتی ہے۔‘‘

موگیرینی نے اس موقع پر اپنے بیان میں اس امر کا اقرار کیا کہ جوہری ڈیل طے پانے کے تین ماہ گزرنے کے بعد بھی فریقین کے مابین کشیدگی پائی جاتی ہے۔ ایران کو امریکا سے سب سے بڑی شکایت یہ ہے کہ وہ مغربی ممالک کو ایران میں سرمایہ کاری سے خوفزدہ کرتا رہتا ہے۔

موگیرینی نے تاہم اپنے بیان میں کہا کہ جوہری ڈیل طے پا جانے اور تہران پر سے پابندیاں اُٹھائی جانے کے بعد ان اہم اقدامات کا مثبت اثر براہ راست ایرانی عوام کی زندگیوں پر پڑے گا۔

Iran EU-Außenbeauftragte Federica Mogherini & Mohammad Javad Zarif
ظریف اور موگیرینی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیاتصویر: Getty Images/AFP/A. Kenare

نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق موگیرینی تہران میں یورپی یونین کے ایک مستقل دفتر کے قیام کے بارے میں بھی بات چیت کرنے والی ہیں۔ اس کے علاوہ موگیرینی کے اس ایک روزہ دورے کے پروگرام میں اُن کی ایرانی پارلیمان کے اسپیکر علی لاریجانی، اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے سربراہ علی شمخانی اور تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹیجک ریسرچ سینٹر کے سربراہ علی اکبر ولایتی سے ملاقاتیں بھی شامل تھی۔

ظریف اور موگیرینی نے کہا ہے کہ وہ دونوں انسانی حقوق سے متعلق امور پر کُھل کر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ موگیرینی کے بقول، ’’انسانی حقوق سے متعلق ہمارا نقطہ نظر نہایت بلند معیارات پر مشتمل ہے جس پر ہم کبھی بھی سمجھوتا نہیں کریں گے تاہم اس کا دوسرا رُخ یہ ہے کہ ہماری نگاہ میں انسانی حقوق سے متعلق امور پر بات چیت کے لیے مکالمت ہمیشہ بہترین راستہ ہے۔‘‘ موگیرینی کل یعنی پیر کو اپنے دورہ ایران کے بارے میں برسلز میں یورپی یونین کو بریفننگ دیں گی۔