1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا میں سرد چیمبرز والے بیوٹی سلونز پر کڑی نگرانی

کشور مصطفیٰ29 اکتوبر 2015

امریکی شہر لاس ویگس کے ایک صحت بخش مرکز ’اسپا‘ میں ایک خاتون کے سرد چیمبر میں سردی سے ہلاک ہوجانے کے بعد سے کریوتھراپی یا تبریدی علاج پر کڑی نگاہ رکھی جا رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/1Gwb6
تصویر: picture-alliance/AP Photo/ Chelsea Patricia Ake-Salvacion

24 سالہ چلسی آکے سالواسیون رواں ماہ کے اوائل میں لاس ویگس میں قائم تجدید شباب کے ایک سلون میں انتقال کر گئی۔ اس بیوٹی سلون میں پٹھوں کا درد دور کرنے ان کے ٹیشوز کو مضبوط بنانے اور جلد کو صاف اور پُر کشش بنانے کے لیے حاص قسم کی بہت سرد تھراپی کو بروئے کار لایا جاتا ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ چلسی اپنی ڈیوٹی ختم کر کے تھکن اور درد دور کرنے اس بیوٹی سلون کے ایک کولڈ چیمبر یا سرد خانے میں داخل ہوئی تھی۔ اگلے دن اُس کے ایک ہمکار نے اُسے مردہ حالت میں وہاں پایا۔

Symbolbild Cryotherapy Medizin Trend
کریوتھراپی یا تبریدی علاج کا رجحان بڑھتا جا رہا ہےتصویر: Getty Images/AFP/G. Gobet

چلسی کے ایک انکل البرٹ آکے نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اُس کی بھتیجی کی پتھر کی طرح سخت برفیلی لاش ٹیلی فون بوتھ کے سائز کے سرد چیمبر میں پائی گئی۔ پولیس نے کہا کہ چلسی کی موت کے بارے میں کوئی شک و شبہ نہیں پایا جاتا اس لیے اس کیس کو بند کر دیا گیا ہے۔

اُدھر منگل کو امریکا کی مغربی کوہستانی ریاست نیواڈا کے حکام نے کہا ہہ کہ وہ کریوتھراپی یا تبریدی علاج کی سیفٹی اور اس سے جُڑے دیگر امور کے بارے میں مکمل چھان بین کروائیں گے۔ انتہائی سرد درجہ حرارت میں کی جانے والی کریوتھراپی دراصل زیادہ تر شبو بزنس کے شعبے سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات کرواتی ہیں یا پھر ایتھلیٹس لیکن اس تھراپی کو باقاعدہ کوئی منظم ادارہ نہیں چلا رہا۔

اسٹیو گیؤرگ نیواڈا ڈویژن آف انڈسٹریل ریلیشنس کے منتظم اعلیٰ ہیں ۔ وہ کہتے ہیں،’’ سامنے آنے والی نت نئی معلومات کی بنیاد پر پبلک اور کام کی جگہوں کی سیفٹی کی چھان بین کا معاملہ اس نئی صنعت کے حوالے سے سست روی کا شکار ہے‘‘۔ نیواڈا کے اس ادارے کا کام جاب سیفٹی پر نگاہ رکھنا ہے۔ اسٹیو گیؤرگ کا کہنا ہے کہ یہ چھان بین ریاست کو کریوتھراپی یا تبریدی علاج کی سیفٹی کے معیار کو جدید بناتے رہنے میں مدد دے گی۔

Symbolbild Cryotherapy Medizin Trend
یورپ میں بھی ایسے اسپا سینٹرز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہےتصویر: Getty Images/AFP/G. Gobet

درین اثناء لاس ویگس کے تجدید شباب کے دو مراکز بند کر دیے گئے ہیں۔ اس کی وجہ چلسی آکے سالواسیون کی ایک بیوٹی سلون کے سرد چمبر میں ہونے والی موت نہیں ہے بلکہ لاس انجیلس کے ان بیوٹی سلونز میں کام کرنے والوں کے لیے مناسب انشورنس خریدنے کے عمل میں پیش دشواریاں ہیں۔

کریوتھراپی یا تبریدی علاج کے وکالت کرنے والوں کا کہنا ہے کہ اس تھراپی میں جسم کو مائنس 151 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں رکھنے سے پٹھوں کا درد، سوزش، اسٹرس اور جوڑوں کے درد وغیرہ کے علاج کے علاوہ جلد کو بھی صحت مند اور خوبصورت بنانے میں مدد ملتی ہے۔ اس تھراپی کے ایک تین منٹ پر محیط سیشن کی فیس 100 ڈالر ہے۔ امریکا میں کریوتھراپی مراکز دیگر شہروں کے علاوہ نیو یارک اور لاس اینجلس میں بھی قائم کیے گئے ہیں۔