1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا میں پہلی مرتبہ ایک مسلمان جج نامزد

بینش جاوید7 ستمبر 2016

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما نے ایک پاکستانی نژاد امریکی شہری عابد قریشی کو ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کی ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج کے طور پر نامزد کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JxIU
China G20 Gipfel in Hangzhou - Barack Obama
تصویر: Reuters/J. Ernst

اس حوالے امریکی صدر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے،’’مجھے یقین ہے کہ یہ دیانت داری اور خلوص نیت کے ساتھ امریکی عوام کی خدمت کریں گے۔‘‘

امریکی سینیٹ کی منظوری کے بعد ہی عابد قریشی بطور جج تعینات کیے جا سکتے ہیں۔ باراک اوباما بطور صدر اپنی مدت صدارت کے اختتام کے قریب ہیں اور یہ عین ممکن ہے کہ ریپبلکن جماعت ان کی نامزدگی کی توثیق کرنے سے انکار کر دے جیسا کہ اس جماعت نے ماضی میں بھی کیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق عابد قریشی کی پیدائش پاکستان میں ہوئی تھی۔ انہوں نے 1997ء میں ہارورڈ لاء اسکول سے قانون کی ڈگری حاصل کی تھی۔ وہ ایک لاء فرم لیتھم اینڈ واٹکنز میں سن 2006 سے بطور پارٹنر کام کر رہے ہیں۔ امریکی صدر کی جانب سے ایک مسلمان کی نامزدگی کے فیصلے کو سراہا جا رہا ہے۔

ایک تنظیم ’مسلم ایڈووکیٹس‘ کی ایگزیکیٹیو ڈائریکٹر فرحانہ کھیرا کا کہنا ہے،’’اس ملک کی عدلیہ کا حصہ بنانے کے لیے امریکی صدر اوباما ملک کے بہترین افراد کو چنتے ہیں، ہم ان کی اس کاوش کو سراہتے ہیں۔‘‘