1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا پر جنگی جرائم کے الزامات

15 نومبر 2016

دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی فوجداری عدالت کی چیف پراسیکیوٹر یا مستغیث اعلٰی فاتو بنسودا کے مطابق امریکی فوج اور خفیہ ایجنسی کے اہلکار افغانستان میں ممکنہ طور پر جنگی جرائم کے مرتکب ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2SjVX
Niederlande Den Haag Internationaler Gerichtshof
تصویر: picture-alliance/AP Images/J. Lampen

مستغیث اعلٰی فاتو بنسودا نے دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی فوجداری عدالت میں اپنی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکی اہلکاروں نے مبینہ طور پر کم از کم اٹھاسی گرفتار شدگان پر شدید تشدد کیا اور ان سے وحشیانہ سلوک روا رکھا۔ ان کے بقول وہ اس بارے میں ججوں سے امریکی فوجیوں اور سی آئی اے کے اہلکاروں کے خلاف جامع تحقیقات شروع کرنے کے بارے میں اجازت لینے کے حوالے سے جلد ہی فیصلہ کرنے والی ہیں۔

Niederlande Den Haag Gerichtsvollzieherin Fatou Bensouda beim Fall Jean-Pierre Bemba
تصویر: picture-alliance/AP Photo/J. Lampen

بنسودا نے مزید کہا کہ افغان طالبان، ملکی سرکاری دستوں اور امریکی فوج کے ساتھ ساتھ سی آئی اے پر بھی ایسے واقعات میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ آئی سی سی کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ’’یکم مئی 2003ء سے لے کر اکتیس دسمبر 2014ء تک کم از کم 61 قیدیوں پر تشدد کرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔‘‘ 

انہوں نے مزید واضح کیا کہ امریکی فوج کی جانب سے افغانستان میں قائم خفیہ حراستی مراکز میں قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک کی خبریں پہلے بھی منظر عام پر آتی رہی ہیں، ’’یہ جرم کسی فرد واحد کا ذاتی عمل نہیں ہے بلکہ یہ اُس پالیسی یا اُن پالیسیوں کا حصہ معلوم ہوتا ہے، جو قیدیوں سے تفتیش کے لیے وحشیانہ اور تکلیف دہ طریقے اپنانے کے حوالے سے تیار کی گئی تھیں۔‘‘ ان کے بقول ان واقعات پر یقین  کرنے کے لیے ان کے پاس معقول بنیاد ہے۔

اگر اس سلسلے میں تفتیش شروع ہوئی تو بین الاقوامی عدالت کی جانب سے امریکی فوجیوں کے خلاف تحقیقات کا یہ پہلا واقعہ ہو گا۔ امریکا اس بین الاقوامی عدالت کی رکنیت کو مسترد کر چکا ہے۔ کابل حکومت 2003ء میں آئی سی سی کی توثیق کر چکی ہے، جس کے بعد عالمی عدالت  کو افغانستان میں ہر طرح کے مظالم کی تحقیقات کرنے کا اختیار ہے۔