1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ جانے والی پرواز کو تباہ کرنے کے منصوبے کا اعتراف جرم

13 اکتوبر 2011

سن 2009 میں کرسمس کے موقع پر امریکی شہر ڈیٹرائٹ جانے والی پرواز کو تباہ کرنے کے مبینہ منصوبے کا اعتراف جرم نائجیریا کے باشندے عمر فاروق نے امریکی عدالت میں کیا ہے۔ وہ انڈرویئر بمبار کے نام سے میڈیا میں پکارا جاتا ہے۔

https://p.dw.com/p/12qzu
عمر فاروق عبدالمطلبتصویر: AP

نائجیریا کے باشندے عمر فاروق عبدالمطلب نے ریاست میشیگن کے شہر ڈیٹرائٹ کی عدالت میں 25 دسمبر سن 2009 میں ایک مسافر بردار ہوائی جہاز تباہ کرنے کا اعتراف اپنے چھ منٹ کے بیان میں کیا۔ اس نے اپنے اوپر عائد تمام آٹھ الزامات قبول کیے۔

ان الزامات کے اعتراف سے عدالت میں موجود حاضرین حیران و پریشان ہو کر رہ گئے۔ اس تقریر میں عمر فاروق نے اپنے عمل کو درست قرار دیتے ہوئے اصل مجرم امریکی خارجہ پالیسی کو قرار دیا۔

عمر فاروق نے اعتراف جرم کے بیان میں واضح کیا کہ وہ ان مسلمانوں کی ہلاکت کا بدلہ لینا چاہتا تھا جو امریکی جارحیت کا نشانہ بن رہے ہیں۔ اس نے یہ بھی کہا کہ وہ امریکی قانون کا مجرم ہے لیکن وہ قرآن کا نہیں ہے۔ نائجیریا کے باشندے کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر امریکہ اپنی موجودہ پالیسی کو جاری رکھتا ہے اور مسلمانوں کے پیغمبر محمد کے حوالے سے متنازعہ پالیسی جاری رکھتا ہے تو امریکہ پر مجاہدین عذاب کی شکل میں داخل ہوں گے یا پھر خدا کا قہر نازل ہو گا۔

Detroit / Abdulmutallab / Demo
عمر فاروق عبدالمطلب کی مبینہ دہشت گردی کے خلاف امریکہ میں مسلمانوں کا ایک مظاہرہتصویر: AP

عبدالمطلب نے اعترافی بیان مقدمے کی کارروائی کے دوسرے روز دیا جبکہ مقدمے کے پہلے روز استغاثہ کی جانب سے عدالت میں بم اور اس کے انڈر ویئر کی تصاویر دکھانے کے علاوہ ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں عبدالمطلب اپنے خودکش منصوبے کی تفصیل بیان کر رہا تھا۔

عبدالمطلب نے 25 دسمبر سن 2009 کو ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم سے امریکہ کے شہرڈیٹرائٹ جانے والی پرواز پر بم کا دھماکہ کرنے کی ناکام کوشش کی تھی۔ یہ پرواز نارتھ ویسٹ ہوائی کمپنی کی تھی۔ بارودی مواد اس کے انڈرویئر میں تھا تھا اور وہ اس ناکام حملے میں زخمی بھی ہوا۔ یہ امر اہم ہے کہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کو عمر فاروق کے والد نے مطلع کیا تھا کہ اس کا بیٹا بنیاد پرستی کی جانب راغب ہو چکا ہے اور وہ امریکہ مخالف نظریات کا حامل ہے۔

ڈیٹرائٹ جانے والی جس پرواز کو تباہ کرنے کی ناکام کوشش عمر فاروق نے کی تھی اس پر 289 افراد سوار تھے۔ استغاثہ اور بقیہ عدالتی کارروائی کی تکمیل کے بعد عمر فاروق کو امکاناً عمر قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ اس کے مقدمے کا فیصلہ اگلے سال بارہ جنوری کو سنایا جا سکتا ہے۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں