1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ دفاعی بجٹ میں مزید کمی کرے گا

7 جنوری 2011

امریکہ نے آئندہ پانچ برسوں کے دوران اپنے دفاعی بجٹ میں 78 ارب ڈالر کمی کا اعلان کیا ہے۔ عسکری بجٹ میں یہ کٹوتی قبل ازیں اعلان کردہ 100ارب کی بچت کے منصوبے کے علاوہ ہے۔

https://p.dw.com/p/zuY8
تصویر: AP

دفاعی بجٹ میں اس کٹوتی کا اعلان امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے جمعرات کو کیا، جس کے تحت 14 ارب ڈالر خشکی اور پانی کے دونوں محاذوں پر استعمال میں آنے والی ٹینک نما خصوصی گاڑیوں EFVs کے پروگرام کے خاتمے سے بچائے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی 47 ہزار فوجی بھی کم کیے جائیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ قبل ازیں اعلان کردہ 100ارب کی بچت دیگر دفاعی پروگراموں کے ذریعے کی جائے گی جبکہ نئی کٹوتی مجموعی بجٹ میں دھیرے دھیرے کی جائے گی۔ اس مقصد کے لئے انتظامی اخراجات کم کیے جائیں گے اور عملے پر اٹھنے والے اخراجات میں بھی کٹوتی ہوگی۔

آئندہ برس کے لئے امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کا بجٹ 553 ارب ڈالر ہو سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس بجٹ میں تقریباﹰ تین فیصد کا اضافہ کیا جائے گا لیکن اس کے بعد کمی کا مرحلہ شروع ہو گا۔

رابرٹ گیٹس کا کہنا ہے کہ زیادہ تر بچت ایک سو سے زائد جنرلز اور فلیگ آفیسرز کی پوزیشنیں ختم کر کے کی جائے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ 200 سے زائد سویلین ڈیفنس عہدے بھی ختم کر دیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ تقریباﹰ 100ارب ڈالر کی بچت کو مجموعی بجٹ سے ختم نہیں کیا جائے گا بلکہ بحری جنگی جہازوں، میزائل ڈیفنس سسٹم کی تیاری، انٹیلی جنس اور زخمی فوجیوں کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کیا جائے گا۔

Robert Gates
امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹستصویر: AP

بجٹ میں کٹوتیوں کے لیے جن ہتھیاروں کی تیاری کا پروگرام بند کیا جائے گا، ان میں پانی اور خشکی پر استعمال کی جانے والی مخصوص گاڑی ’ایکسپیڈیشنری فائٹنگ وہیکل‘ شامل ہے، جسے جنرل ڈائنامکس کارپوریشن تیار کررہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی زمین سے فضا تک مار کرنے والے میزائلوں کا پروگرام بھی ختم کر دیا جائے گا۔

رابرٹ گیٹس نے کہا کہ امریکہ پر دہشت گردانہ حملوں کے بعد پینٹاگون میں اخراجات پر دھیان دیے بغیر زیادہ سے زیادہ پیسہ خرچ کرنے کا رجحان پیدا ہوگیا تھا، جسے وہ اب ختم کرنا چاہتے ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: افسر اعوان