1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ سے دفاعی معاہدہ: کولمبیا کے وینزویلا سے تعلقات کشیدہ ہوگئے

6 اگست 2009

لاطینی امریکہ کے خطے میں واشنگٹن انتظامیہ کے سب سے بڑے ناقد ، وینیزویلا کے صدر ، ہوگو شاویز نے اب اپنے پڑوسی ملک کولمبیا سے بھی سفارتی تعلقات خراب کر لئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/J59o
کولمبین صدر الوارو یورائب بنے شاویز کی تنقید کا نشانہتصویر: AP

لاطینی امریکہ کی دو اہم ریاستوں وینیزویلا اور کولمبیا کے درمیان سفارتی تعلقات میں سرد مہری آگئی ہے، جس کی وجہ کولمبیا اور امریکہ کے مابین ایک مشترکہ دفاعی معاہدہ ہے۔ وینزویلا کے صدر ہوگو شاویز نے کولمبین صدر الوارو یورائب کو واشنگٹن کے ساتھ تعلقات بڑھانے پر کھلی تنقید کا نشانہ بنایا۔ شاویز کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے صدر یورائب نے شاویز پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ کولمبیا کی باغی مارکسی تنظیم FARC کی عسکری مدد کر رہے ہیں۔

واشنگٹن اور بگوٹا کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے کی رو سے کولمبیا نے امریکہ کو اپنے ملک میں سات فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ شاویز کا دعوٰی ہے کہ کولمبیا کے اڈوں کا استعمال کرکے امریکی انتظامیہ جنوبی امریکی خطے میں اپنا فوجی اثر و رسوخ قائم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کولمبیا اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے کو وینزویلا اور کولمبیا کے تعلقات میں کشیدگی کی بنیادی وجہ قرار دیا ہے۔

Venezuela Russland Hugo Chavez kündet Seemanöver an
صدر شاویز کولمبیا میں امریکی فوجی اڈوں کے شدید مخالفتصویر: AP

دوسری طرف کولمبین وزیر دفاع نے کہا ہے کہ امریکہ کو ملکی فوجی اڈوں کی فراہمی سے کولمبیا میں منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی۔ تاہم صدر شاویز نے کولمبیا میں منشیات کی روک تھام کے لئے وہاں کی حکومت کی اس توجیح کو صرف ایک بہانہ قرار دیا ہے۔

فوجی اڈوں کی فراہمی کے حوالے سے امریکی فوج کی جنوبی کمانڈ کے سربراہ جنرل ڈگلس فریزر نے کہا کہ "کولمبیا کے فوجی اڈوں کی عسکری صلاحیت اور ان کے استعمال کے بارے میں ابھی صرف یہ کہا جاسکتا ہے کہ ہم کولمبین حکومت کے ساتھ پورا تعاون کریں گے۔ ہماری تمام فوجی سرگرمیوں کا دارومدار اس بات پر ہوگا کہ کولمبین فوجی اڈوں پر کس قسم کی سہولیات موجود ہیں۔"

بائین بازو کے نظریات رکھنے والے وینیزویلا کے صدر شاویز نے امریکہ کو فوجی اڈوں کی فراہمی کا معاملہ اگلے ہفتے ایکواڈور کے شہر کوئیٹو میں ہونے والی جنوبی امریکی ممالک کی کانفرنس میں اٹھانے کا عندیہ دیا ہے۔ مبصرین کے مطابق شاویز کو اس معاملے میں خطے کے دوسرے ممالک کی حمایت حاصل کرنے میں زیادہ مشکل پیش نہیں آئے گی۔

اس حوالے سے شاویز نے کہا کہ "ہمیں کولمبیا میں منصوبے کے تحت قائم ہونے والے امریکی فوجی اڈوں پر شدید تشویش ہے۔ فوجی اڈوں کی فراہمی کو واشنگٹن انتظامیہ کی جانب سے لاطینی امریکی خطے پر جنگ مسلط کرنے سے بھی تعبیر کیا جاسکتا ہے، کیونکہ امریکہ دنیا کا سب سے زیادہ جارح ملک ہے۔"

اسی دوران برازیلین وزیر خارجہ سیلسو اموغی نے بھی کولمبیا سے مطالبہ کیا ہے کہ ان فوجی اڈوں کے حوالے سے پڑوسی ممالک کے شکوک و شبہات دور کئے جائیں۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق اموغی اس ہفتے برازیلیہ میں امریکی صدر باراک اوباما کے مشیر برائے قومی امور جیمز جونز سے ملاقات کے دوران بھی اس مسئلے کو اٹھا سکتے ہیں۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: کشور مصطفٰی