1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ میں اعلیٰ تعلیمی سطح پر خواتین کی سبقت

16 ستمبر 2010

امریکی تاریخ میں پہلی بار اعلیٰ تعلیمی ڈگری ’ پی ایچ ڈی‘ سب سے زیادہ خواتین نے حاصل کی ہے۔

https://p.dw.com/p/PDgH
امریکہ کی معروف برکلے یونیورسٹی کا کیمپستصویر: picture-alliance / aka-images

امریکہ میں ایک نئی تحقیقی رپورٹ سے انکشاف ہوا ہے کہ اب تک امریکہ میں مردوں کے اجارہ داری والے تعلیمی شعبے میں پہلی بار پی ایچ ڈی کی ڈگری سب سے زیادہ خواتین نے حاصل کی ہے۔کونسل آف گریجویٹ اسکولز کی تازہ ترین رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ امریکہ میں اب تک ایم اے یا ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ میں ہر سال اکثریت طالبات کی ہوتی تھی تاہم تعلیمی سال 2009۔2008 میں پہلی بار تمام امریکی یونیورسٹیوں سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے والوں کی اکثریت خواتین پر مشتمل رہی۔ نیز اسی سال ایم اے کی ڈگری کے اجراء کا 60 فیصد طلبا کے حصے میں آیا۔ اطلاعات کے مطابق ان اعداد و شمار کے حصول کے لئے امریکہ کی 800 یونیورسٹیوں اور کالجوں میں سروے کروایا گیا۔ جس کے نتائج سے پتہ چلا کہ گزشتہ تعلیمی سال کے دوران ان اعلیٰ تعلیمی اداروں سے دی جانے والی پی ایچ ڈی کی ڈگریوں کی دو تہائی تعداد طالبات کے حصے میں آئی۔

Universität Harvard Flash-Galerie
معیار کے اعتبار سے دنیا کی بہترین یونیورسٹی مانی جانے والی ہارورڈ یونیورسٹیتصویر: AP

پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے والی خواتین میں سے 70 فیصد کا تعلق سائنس اور ہیلتھ کے شعبوں سے ہے۔ پبلک ایڈ منسٹریشن کے شعبے میں 61.5 فیصد، آرٹس اور ہیومینیٹیز کے شعبے میں 53 اور حیاتیاتی اور زراعتی سائنس کے شعبے میں پی ایچ ڈی کی اعلیٰ ڈگری حاصل کی 51 فیصد خواتین نے۔ تاہم امریکہ میں جن تعلیمی شعبوں کو روایتی طور پر مردوں کا شعبہ سمجھا جاتا ہے اب بھی ان میں مردوں ہی کی اجارہ داری نظر آتی ہے۔ مثلاً ریاضی اور کمپیوٹر سائنس کے شعبے جس میں گزشتہ تعلیمی سال کے دوران دی جانی والی پی ایچ ڈی کی ڈگری کا 73 فیصد مردوں ہی کے حصے میں آیا جبکہ فزیکل اور ارضی علوم کے شعبوں میں اعلیٰ ڈگری حاصل کی 66 فیصد مردوں نے۔ بزنس سے متعلق علوم کے شعبے سے پی ایچ ڈی کی ڈگری کا اعزاز حاصل کیا 61 فیصد مردوں نے۔

Homeschooling Bildungssystem USA Herausforderungen Obama-Regierung
ہوم اسکولنگ سسٹم امریکی صدر باراک اوباما کی حکومت کے لئے ایک بڑا چیلنج بنا ہوا ہےتصویر: Christina Bergmann

امریکہ کے مردم شماری کے ادارے کی گزشتہ اپریل میں چھپنے والی ایک رپورٹ سے یہ انکشاف بھی ہوا تھا کہ سال 2000ء میں امریکہ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں سے مجموعی طور پر ایم اے اور پی ایچ ڈی دونوں ڈگریوں کی کُل تعداد میں سے اکثریت خواتین کی تھی۔

اس ماہ کے اوائل میں نیو یارک میں قائم ایک اسٹریٹیجک ریسرچ فرم Reach Advisors کی ایک رپورٹ شائع ہوئی جس کے مطابق امریکہ کی نوجوان، تنہاء اور شہری آبادی سے تعلق رکھنے والی خواتین جن کی کوئی اولاد نہیں ہے ملکی تاریخ میں پہلی بار اپنے مرد ہم رتبہ اہلکاروں سے زیادہ کما رہی ہیں۔ اس کی کلیدی وجہ یہ ہے کہ امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کی جدوجہد کا جذبہ خواتین میں مردوں کے مقابلے میں زیادہ پایا جاتا ہے اور خواتین تعلیمی دوڑ میں مردوں سے آگے نکل رہی ہیں۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ

ادارت: افسر اعوان