1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ میں مسلمان ڈاکٹر پر فائرنگ

صائمہ حیدر4 جولائی 2016

امریکہ میں پولیس کے مطابق ایک مسلمان ڈاکٹر کو ہیوسٹن کی ایک مسجد میں نماز کے لیے جاتے ہوئے تین افراد نے گولیوں کا نشانہ بنایا ہے۔

https://p.dw.com/p/1JIhn
USA Florida Fort Pierce Islamic Center , Mosque
ہفتے کے روز فورٹ پیئرس اسلامی مرکز کے باہر ایک مسلمان شخص کے سر اور چہرے پر مُکّوں سے حملہ کیا گیا تھاتصویر: picture-alliance/AP Photo/B. Fox

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ابھی تک اس حملے کے محرکات واضح نہیں ہو سکے تاہم یہ واقعہ فلوریڈا میں ایک مسجد کے باہر ایک مسلمان کو زد و کوب کرنے کے ایک دن بعد رونما ہوا ہے۔

ہیوسٹن میں کونسل برائے امریکی اسلامی تعلقات کے ڈائریکٹر مصصطفیٰ کیرول کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے واقعے کا شکار ہونے والے 30 سالہ ماہر امراض چشم ڈاکٹر ارسلان تجمل کی سر جری جاری ہے اور ان کے بچنے کے امکانات بھی روشن ہیں۔ ہیوسٹن کی مسلم کمیونٹی کے رابطہ کار اور پولیس افسر مظفر صدیقی نے بتایا کہ ڈاکٹر تجمل کی مکمل صحت یابی کی توقع کی جا رہی ہے، اگرچہ انہیں اتوار کے روز دیر تک انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا۔ پولیس اہلکار مظفر صدیقی نے بتایا، ’’ڈاکٹر تجمل ارسلان اپنی کار پارک کرنے کے بعد مدرسہ اسلامیہ مسجد کی جانب فجر کی نماز کی ادائیگی کے لیے جا رہے تھے جب مسجد سے ایک بلاک پہلے ان پر تین افراد نے دو مرتبہ فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔'

Symbolbild Baltimore Police
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ فجر کی نماز سے پہلے پیش آیاتصویر: picture-alliance/AP Photo/P. Semansky

مصطفٰی کیرول کا کہنا تھا کہ ’’یہ ایک عجیب واقعہ ہے۔ مدرسہ اسلامیہ مسجد ایک پسماندہ علاقے میں واقع ہے اورحملہ آور اپنے چہروں پر ماسک چڑھائے ہوئے تھے۔‘‘ دوسری جانب پولیس آفیسر صدیقی کا کہنا تھا کہ تفتیش کاروں نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ حملہ آوروں نے ماسک پہن رکھے تھے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مسلم کمیونٹی میں اس حملے کے ساتھ پیدا ہونے والی تشویش کی لہر کے باوجود لوگ ابھی سے کسی طرح کے نتائج پر پہنچنے کی کوشش نہ کریں۔ فائرنگ کا یہ واقعہ فلوریڈا میں ایک مسجد کے باہر ایک مسلمان شخص کو پیٹنے کے ایک دن بعد پیش آیا ہے۔

سینٹ لوسی کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے مطابق ہفتے کے روز فورٹ پیئرس اسلامی مرکز کے باہر ایک مسلمان شخص کے سر اور چہرے پر مُکّوں سے حملہ کیا گیا تھا۔ 25 سالہ ٹیلر انتھونی کو زدو کوب کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اسلامی سینٹر کے امام نے گزشتہ ماہ آرلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پر بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعے کے بعد اضافی سکیورٹی کا مطالبہ کیا تھا۔