1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ میں ڈیٹنگ ویب سائٹس کی پھیلتی ہوئی مارکیٹ

11 جولائی 2011

امریکہ میں انٹرنیٹ کے ذریعے ڈیٹنگ کی مارکیٹ بڑی رنگا رنگ اور متنوع ہے۔ یہ مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور اس میں خاص طرح کے سماجی گروپوں تک پہنچنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

https://p.dw.com/p/11tAT
تصویر: picture-alliance / dpa

اس عمل کو ڈیٹنگ ویب سائٹس کی دنیا میں اسپیشلائزیشن کا نام بھی دیا جاتا ہے۔ اسی وجہ سے وہاں ایسی ہر نئی ویب سائٹ مارکیٹ میں اپنے لیے کوئی نہ کوئی جگہ بنانے میں کامیاب ہو جاتی ہے۔

Kim ایک ایسی امریکی لڑکی ہے جس نے لمبے عرصے تک اپنے ملک کے مڈ ویسٹ کہلانے والے حصے کے دیہی علاقوں میں اپنے لیے کوئی پارٹنر تلاش کرنے کی کوشش کی۔ وہ اپنے ارادوں میں کامیاب نہ ہوئی۔ پھر اسے ایک ایسی ویب سائٹ کا پتہ چلا جہاں اس کی طرح کے دیہی پس منظر والے نوجوان اور ذہین لوگ ایک دوسرے کو تلاش کر سکتے تھے۔ اس ویب سائٹ کا نام تھا Geek2Geek اور کم کو وہاں اپنے لیے ایک پارٹنر مل بھی گیا۔

Computertastatur mit Herz Symbol
تصویر: picture-alliance / chromorange

اسی طرح کی ایک اور کامیاب ویب سائٹ کا نام Ivydate.com ہے۔ اس ویب سائٹ پر صرف ایسے افراد کو رکنیت دی جاتی ہے جو امریکہ یا برطانیہ کی اعلیٰ یونیورسٹیوں کے تعلیم یافتہ ہوں یا وہاں ملازمت کر چکے ہوں۔

امریکہ کی ایک اور کامیاب ڈیٹنگ ویب سائٹ کا نام Horseloversconnection.com ہے۔ اس ویب سائٹ کی رکنیت کے لیے ہر کسی کے پاس اپنا کوئی گھوڑا ہونا لازمی نہیں ہے۔ لیکن اکثر لوگوں نے اپنے پروفائلز میں ایسی تصویریں لگائی ہوتی ہیں جن میں ان کے گھوڑے بھی نظر آتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکہ میں ڈیٹنگ انڈسٹری نے اتنی ترقی کر لی ہے کہ وہاں ہر کسی کو اپنی پسند کا پارٹنر تلاش کرنے کا موقع مل جاتا ہے۔ خاص طرح کی پسند ناپسند والے جن انسانوں کو ٹارگٹ کرنے کے لیے امریکہ میں بہت سی ویب سائٹس کامیابی سے کام کر رہی ہیں، ان میں بڑے رنگا رنگ سوشل گروپس بھی شامل ہیں، مثال کے طور پر داڑھیوں والے مرد، سائیکلنگ کے شائقین، موٹاپے کے شکار افراد اور گھروں میں پالتو جانور پالنے والے شہری۔

NO FLASH Screenshot der Seite http://de.match.com
تصویر: de.match.com

اس کے علاوہ ایسی ویب سائٹس کے ذریعے خاص طرح کے نسلی اور مذہبی گروپوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش بھی کی جاتی ہے۔ مثال کے طور پر سیاہ فام مردوں اور خواتین کو ملانے والی ویب سائٹس، ایسی سفید فام عورتوں کے لیے قائم آن لائن ادارے جو اپنے لیے سفید فام مردوں کی تلاش میں ہوں، اس کے علاوہ عرب نسل کے افراد کی ڈیٹنگ سائٹس اور یہودیوں اور مسیحی عقیدے کے افراد کے لیے قائم ایسے ادارے۔

امریکہ میں ڈیٹنگ انڈسٹری اتنی ترقی کر چکی ہے کہ ایک تازہ جائزے کے مطابق گزشتہ سال وہاں جتنے بھی شہریوں نے اپنی زندگی میں نئی پارٹنرشپ شروع کی، ان میں سے ہر چھٹے جوڑے کو ملانے میں انٹرنیٹ نے مرکزی کردار ادا کیا۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: امتیاز احمد

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں