1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ نے آصف زرداری کا موقف ردّ کر دیا

4 اگست 2010

پاکستانی صدر آصف زرداری کو افغان مشن کے بارے میں بیان پر تنقید کا سامنا ہے۔ منگل کو برطانیہ پہنچنے سے قبل فرانس میں ایک اخبار کے ساتھ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری افغانستان میں طالبان کے خلاف جنگ ہار رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/ObJZ
پاکستانی صدر آصف زرداریتصویر: picture-alliance/ dpa
Robert Gibbs Pressesprecher Weißes Haus
وائٹ ہاؤس کے ترجمان رابرٹ گبستصویر: AP

آصف زرداری نے فرانسیسی اخبار Le Monde کے ساتھ انٹرویو میں کہا: ’’عالمی برادری، جس کا پاکستان بھی حصہ ہے، طالبان کے خلاف جنگ ہار رہی ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ہم لوگوں کے دل جیتنے میں ناکام ہو گئے ہیں۔‘‘

آصف زرداری نے کہا، ’میں سمجھتا ہوں کہ طالبان کے پاس دوبارہ اقتدار میں آنے کا موقع نہیں، لیکن وہ طاقتور ہو رہے ہیں۔‘

تاہم امریکہ نے اس بیان پر آصف زرداری کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان رابرٹ گبس نے کہا، ’میرا نہیں خیال کہ صدر اوباما، صدر زرداری کے موقف سے اتفاق کریں گے۔‘

پاکستانی صدر نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عالمی برادری کو اختلافِ رائے کے بجائے متحد ہونا چاہئے۔ انہوں نے یہ بیان برطانیہ کے ساتھ دہشت گردی کے موضوع پر ہی جاری سفارتی محاذ آرائی کے تناظر میں دیا، جو برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون کی جانب سے پاکستان کو دیگر ممالک میں دہشت گردی کا ذمہ دار قرار دئے جانے پر پیدا ہوئی۔

آصف زرداری نے کہا، ’میں آمنے سامنے اس بات کی وضاحت کروں گا کہ میرے ہی ملک کو انسانی جانوں کے ضیاع کے صورت میں اس جنگ کی سب سے زیادہ قیمت چکانی پڑ رہی ہے۔‘

تاہم ان کے لندن پہنچنے کے بعد برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنے حالیہ دورہ بھارت کے دوران پاکستان کے بارے میں دئے گئے اس بیان کو درست قرار دیا۔ کیمرون نے کہا کہ انہوں نے ایک واضح سوال کا واضح جواب دیا تھا اور انہیں اس پر بالکل پچھتاوا نہیں۔ انہوں نے کہا، ’ہمیں وہاں موجود دہشت گردی کے مراکز کو ختم کرنے کے لئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔‘

Großbritannien Wahlen David Cameron Konservative
برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرونتصویر: AP

دوسری جانب پاکستانی صدر کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسلام آباد افغانستان سمیت خطے میں انتہاپسندوں کے خلاف کارروائیوں کے لئے سنجیدہ ہے۔

آصف زرداری جمعہ کو ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات کریں گے۔ انہیں پاکستان میں تنقید کا سامنا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم کے پاکستان کے بارے میں بیان پر آصف زرداری سے دورہ برطانیہ ملتوی کرنے پر زور دیا جا رہا تھا جبکہ ملک میں بدترین سیلاب کے تناظر میں بھی انہیں غیر ملکی دورے منسوخ کرنے کے لئے کہا جا رہا تھا۔

رپورٹ : ندیم گِل

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں