1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکہ نے پاکستان میں بغاوت کی افواہیں مسترد کر دیں

8 دسمبر 2011

امریکہ نے پاکستان میں فوج کے اقتدار میں آنے کی افواہوں کو ردّ کر دیا ہے۔ واشنگٹن حکام کا یہ مؤقف پاکستانی صدر آصف علی زرداری کی بیماری کی خبروں پر ردِ عمل کے طور پر سامنے آیا ہے۔

https://p.dw.com/p/13OZD
وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنیتصویر: dapd

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کے معاونین کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد وہ دبئی میں زیرِ علاج ہیں۔ اس تناظر میں ایسی افواہوں نے جنم لیا ہے کہ انہیں برطرف کیا جا رہا ہے۔

اس کے ردِ عمل میں وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنی نے بدھ کو کہا: ’’ہم نے رپورٹیں دیکھی ہیں۔ ہم ان کی صحت کی جلد بحالی کی اُمید کرتے ہیں۔‘‘

محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر سے جب پوچھا گیا کہ کیا پاکستانی صدر کے خلاف خاموش بغاوت کے عمل پر امریکہ کو پریشانی ہے تو انہوں نےکہا کہ ایسی قیاس آرائیوں پر یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے اور نہ ہی ایسی کوئی تشویش ہے۔

مارک ٹونر نے کہا: ’’ہمارا ماننا ہے کہ یہ پوری طرح سے ان کی صحت سے متعلق ہے۔‘‘

زرداری کی بیماری پر میڈیا میں ایسی خبریں سامنے آئیں کہ وہ مستعفی ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔  خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ان کے قریبی ساتھیوں نے اس باتوں کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے مشیر برائے انسانی حقوق مصطفیٰ کھوکھر کا کہنا ہے کہ زرداری کو منگل کو دل کا دورہ پڑا تھا، جو معمولی نوعیت کا تھا۔

Asif Ali Zardari Präsident Pakistan
پاکستان کے صدر آصف زرداریتصویر: AP

ان کا کہنا ہے: ’’وہ دبئی چلے گئے، جہاں ان کے دل کا معائنہ کیا گیا۔ اب ان کی حالت بہتر ہے۔‘‘

کھوکھر نے یہ بھی کہا کہ کسی طرح کے استعفے کا کوئی سوال ہی نہیں اٹھتا۔

زرداری کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ فوج کے ساتھ ان کے تعلقات ٹھیک نہیں، جو تاریخی اعتبار سے پاکستان کا طاقتور ترین ادارہ ہے اور بارہا منتخب حکومتوں کو اقتدار سے بے دخل کر چکا ہے۔

چھپن سالہ زرداری نے علاج کے لیے ایسے وقت پاکستان چھوڑا، جب انہیں میمو گیٹ اسکینڈل کا سامنا ہے۔ جس کے تحت ان کے قریبی ساتھی اور امریکہ میں تعینات پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی پر الزام ہے کہ انہوں نے پاکستان میں فوج کے اختیارات کم کرنے کے لیے امریکی امداد حاصل کرنے کی کوشش کی۔

رپورٹ: ندیم گِل / اے ایف پی

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں