1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی اداکارہ برٹنی مرفی کی اچانک موت

21 دسمبر 2009

مرفی کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔

https://p.dw.com/p/L9ZU
تصویر: AP

امریکی اداکارہ برٹنی مرفی بتیس برس کی عمر میں انتقال کرگئی ہیں۔ لاس اینجلیز کے Cedars-Sinai میڈیکل سینٹر کے مطابق مرفی کا انتقال مقامی وقت کے مطابق صبح دس بجے ہوا۔ البتہ اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ ریسکیو سروس کے مطابق انہیں صبح آٹھ بجے مرفی کے شوہر کی جانب سے ہنگامی ٹیلی کال موصول ہوئی تھی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق مرفی کو بے ہوشی کے عالم میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ لاس اینجلس کی پولیس نے اس اچانک موت کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق برٹنی مرفی کا انتقال حرکت قلب بند ہو جانے کی وجہ سے ہوا۔ لاس اینجلیز میں ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ ایک طبعی موت دکھائی دیتی ہے تاہم اصل حقائق پوسٹ مارٹم کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔

Gesundheitswesen in den USA Meltdown Krankenhaus
مرفھی کی اچانک موت کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔تصویر: AP

مرفی کے ساتھی اداکار ایشٹن کوچر نے انٹرنیٹ کے ذریعے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ دنیا نے روشنی کی ایک کرن کو کھو دیا ہے۔ کوچر اور مرفی نے فلم ’ Just Married‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔ کئی دیگر اداکاروں اور فلمی صنعت سے جڑی شخصیات نے مرفی کی اچانک موت پر تعزیتی پیغامات بجھوائے ہیں۔ یوں توبرٹنی مرفی فلمی صنعت میں پہلے سے ہی جانی پہچانی جاتی تھیں لیکن ان کو اصل شہرت ان کی فلم ’Clueless‘ کی وجہ سے حاصل ہوئی۔ یہ فلم 1995ء میں ریلیز ہوئی تھی۔

مرفی دس نومبر1977ء کے روز اٹلانٹا میں پیدا ہوئی تھیں۔ انہوں نے اپنا بچپن نیو جرسی میں گزارا، جس کے بعد وہ 90ء کے اوائل میں اپنی والدہ کے ساتھ لاس اینجلیز منتقل ہو گئیں۔ مرفی کے شوہر ایک اسکرین رائٹر ہیں۔ انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر میں مائیکل ڈگلس، انجیلینا جولی، وینونا رائڈر اور ایشٹن کوچر سمیت کئی دیگر معروف شخصیات کے ساتھ کام کیا لیکن اس کے باوجود وہ اپنی ایک الگ پہچان بنانے میں زیادہ کامیاب نہیں ہوسکی تھیں۔

گزشتہ چند سالوں سے وہ کم بجٹ والی فلموں میں کام کر رہی تھیں۔ ان کے پیشہ ور ساتھیوں کی ٹیم کی جانب سے اس اچانک موت پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ۔ مرفی گزشتہ دنوں اس وقت ایک دم خبروں کی زینت بنی تھیں جب انہیں فلم ’دی کالر‘ کے سیٹ سے نکال دیا گیا تھا۔ حال ہی میں انہوں نے مشہور اداکار سلویسٹراسٹیلون کی فلم ’The Expendables‘ میں اپنا کام مکمل کیا تھا۔ مرفی کی نمایاں فلموں میں Clueless, 8-Mile, Just Married اور Sin City شامل ہیں۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت : شادی خان