1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی ایوان نمائندگان کے سابق اسپیکر کا گھناؤنا روپ

عابد حسین10 اپریل 2016

امریکی استغاثہ نے اہم سیاستدان ڈینس ہیسٹرٹ کی جنسی وارداتوں کی تفصیل ظاہر کر دی ہے۔ ہیسٹرٹ ماضی میں امریکی سیاست کے انتہائی معتبر شخصیات میں شمار کیے جاتے تھے۔

https://p.dw.com/p/1ISnF
Dennis Hastert
ڈینس ہیسٹرٹتصویر: Picture alliance/AP Photo/C. K. Lee

امریکی استغاثہ نے امریکی ایوانِ نمائندگان کے سابق اسپیکر ڈینس ہیسٹرٹ کے جنسی زیادتی کے واقعات کی تفصیل میں بتایا کہ وہ اِن وارداتوں میں اُس وقت ملوث تھے جب وہ ایک ہائی اسکول کے ٹیچر اور کوچ تھے۔ ہیسٹرٹ پر الزام ہے کہ انہوں نے چودہ برس تک کی عمر اور اِس سے کم عمر کے بچوں کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ وہ ایک متاثرہ فرد کو خفیہ طور پر پینتیس لاکھ ڈالر دینے پر رضامند ہیں۔ ہیسٹرٹ نے نوجوانی میں سرزد ہونے والی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے طلبا سے معذرت کی ہے۔

تقریباً ایک دہائی قبل ہیسٹرٹ امریکی سیاسی میدان میں ایک محترم شخصیت کے طور پر موجود تھے اور وہ ایمرجنسی حالات میں منصب صدارت سنبھالنے کی قطار میں دوسرا مقام رکھتے تھے۔ اِس وقت اُن کی بےتوقیری کے قصے امریکی ذرائع ابلاغ پر عام ہیں۔ کل ہفتے کے روز ڈینس ہیسٹرٹ کے وکلائے صفائی نے تسلیم کیا تھا کہ ماضی میں اُن سے جنسی زیادتی کا ارتکاب ہوا ہے۔ وکلائے صفائی نے ان واقعات کی تفصیلات ظاہر کرنے سے گریز کیا۔ ہیسٹرٹ امریکی ایوانِ نمائندگان کے سن 1999 سے سن 2007 تک اسپیکر رہے تھے۔

Dennis Hastert / USA / Chicago
عدالت سے رخصت ہوتے ہوئے ڈینس ہیسٹرٹ پولیس کے نرغے میںتصویر: Reuters

امریکی استغاثہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جنسی زیادتی کے واقعات سن 1960 کی دہائی سے سن 1980 کی دہائی کے اوائل کے درمیان کیے گئے۔ ان متاثرین میں سے پانچ اُس اسکول کے طلبا تھے، جس میں ہیسٹر بطور ایک استاد تعینات تھے۔ استغاثہ کے مطابق امریکی ریاست الی نوائے کے یارک وِل ہائی اسکول میں ان وارداتوں میں سابق اسپیکر ملوث رہے تھے۔

امریکی استغاثہ نے امریکی سیاستدان کے اِس کردار کو حیران کن منافقت سے تعبیر کیا۔ چوہتر برس کے ری پبلکن پارٹی کے اہم سیاستدان کو گزشتہ برس بعض مالیاتی خلاف ورزیوں پر چارج شیٹ کیا گیا تھا۔ جنسی زیادتی کی جن وارداتوں میں وہ ملوث رہ چکے ہیں اب وہ بہت پرانی ہو چکی ہیں اور اُن پر نئے قوانین کے تحت عدالتی کارروائی ممکن نہیں رہی لیکن انہیں مالی بےضابطگیوں کے مقدمے کا بہر حال سامنا کرنا پڑے گا۔ ہیسٹرٹ نے سن 2010 اور سن 2014 کے درمیان 1.7 ملین ڈالر کی ادائیگی بھی اُس شخص کو تھی جو اُن کی ہوس کا نشانہ رہ چکا ہے۔

استغاثہ ستائیس اپریل کی پیشی پر علیل سابق اسپیکر ڈینس ہیسٹرٹ کے لیے کم از کم چھ ماہ کی سزا کی استدعا کرے گا۔