1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی بجٹ میں خسارہ، پینٹاگون بھی بچت پر مجبور

4 جنوری 2011

امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس ممکنہ طور پر آئندہ جمعرات کوپینٹاگون کے بجٹ میں قریب سو بلین ڈالر کے بچتی پروگرام کا اعلان کرنے والے ہیں، جس سے جدید ہتھیاروں سے متعلق چند بڑے امریکی منصوبوں پر بھی اثر پڑے گا۔

https://p.dw.com/p/ztLR
مالی بچت کے لیے دباؤ، رابرٹ گیٹستصویر: AP

پینٹاگون کے ذرائع کے مطابق اس اعلان میں اس منصوبے کی تفصیلات جاری کی جائیں گی، جس کے تحت امریکی فوج کے اعلیٰ اہلکار گزشتہ کئی مہینوں سے سالانہ اخراجات میں کمی کے امکانات کا جائزہ لیتے رہے ہیں۔

پینٹاگون پر اس حوالے سے شدید دباؤ ہے کہ امریکہ کے وفاقی بجٹ میں بہت بڑے اور مسلسل زیادہ ہوتے ہوئے خسارے کے پیش نظر ملکی دفاعی بجٹ میں بھی کمی کی جانی چاہیے۔ اس پس منظر میں عراق میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی کے سلسلے میں بھی وزارت دفاع کو شدید دباؤ کا سامنا ہے۔

Gedenkfeier USA Pentagon 11. September Barack Obama
صدر اوباما گیارہ ستمبر کے حملوں سے متعلق ایک یادگاری تقریب میںتصویر: AP

دفاعی اخراجات میں کمی کے اس متوقع اعلان سے جس منصوبے پر سب سے زیادہ اثر پڑے گا وہ جنگی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی ایک ایسی غیر معمولی گاڑی سے متعلق پروگرام ہے، جو غالباﹰ بالکل ختم کر دیا جائے گا۔ یہ گاڑی چالیس ٹن وزنی ہے اور یہ خشکی اور پانی دونوں میں سفر کر سکتی ہے۔ پینٹاگون کے دو اعلیٰ ذرائع نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ یہ ’غیر معمولی جنگی گاڑی‘ امریکی فوج کی میرین کور کے لیے جنرل ڈائنامکس کارپوریشن نامی ادارے کی طرف سے تیار کی جا رہی ہے۔

اس کے علاوہ قریب 100 بلین ڈالر مالیت کے اس دفاعی بچتی پروگرام میں رابرٹ گیٹس ممکنہ طور پر زمین سے لانچ کیے جانے والے ایک ایسے میزائل سسٹم کی تیاری بھی روکنے کا اعلان کریں گے، جو Raytheon نامی کمپنی کی طرف سے تیار کیا جا رہا ہے۔ امریکی دفاعی اخراجات میں کمی کے اس پروگرام کے حوالے سے ریاست ورجینیا میں Lexington انسٹیٹیوٹ کی چیف آپریٹنگ آفیسر لارین ٹامپسن کہتی ہیں کہ رابرٹ گیٹس کو یہ ثابت کرنا ہے کہ وہ وفاقی بجٹ میں بہت زیادہ خسارے کے پیش نظر امریکی وزارت دفاع کے مالی معاملات بہت اچھے طریقے سے چلا رہے ہیں۔

Luftbild vom amerikanischen Verteidigungsminsterium Pentagon in Washington 2003
امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کا ایک فضائی منظرتصویر: dpa

اس ممکنہ بچتی پروگرام کے بارے میں پینٹاگون کے ترجمان کرنل ڈیوڈ لیپن نے کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے اس بارے میں کوئی تردید یا تصدیق نہیں کی کہ رابرٹ گیٹس یہ اعلان اسی ہفتے کرنے والے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق سال 2012 کے لیے مجوزہ وفاقی بجٹ فروری کے وسط تک پیش کیا جا سکتا ہے۔ امریکہ میں دفاعی امور سے متعلق ایک جریدے ڈیفنس نیوز نے د سمبر میں اپنی اشاعت میں لکھا تھا کہ وائٹ ہاؤس پینٹاگون کو اگلے پانچ برسوں میں اپنے مجموعی اخراجات میں نوے بلین ڈالر کی کٹوتی کے لیے کہہ چکا ہے۔ ڈیفنس نیوز کے مطابق اس بچت کا آغاز 2012 کے مالی سال سے ہو گا اور پہلے ہی سال بارہ بلین ڈالر کی بچت کی جائے گی۔

سال دوہزار گیارہ کے لیے امریکی وزارت دفاع کے بجٹ کی مجموعی مالیت 549 بلین ڈالر بنتی ہے۔ اس میں عراق اور افغانستان میں جنگی اخراجات شامل نہیں ہیں۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں