1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی سینیٹ نے شعبہ صحت میں اصلاحات کا بل منظور کر لیا

25 دسمبر 2009

امریکی سینیٹ نے شعبہء صحت میں اصلاحات کا تاریخی قانون منظور کر لیا ہے۔ اس کا مقصد ہیلتھ انشورنس نہ رکھنے والے تیس کروڑ سے زائد شہریوں کو صحت کی سہولتوں کی ضمانت دینا ہے۔

https://p.dw.com/p/LDE0
تصویر: picture-alliance/dpa

تاہم اس بل کو مؤثر بنانے کے لئے ایوان نمائندگان کی منظوری لینا ہوگی، جس کے لئے بحث جنوری سے متوقع ہے۔ یہ مرحلہ مکمل ہونے پر ہی صدر اوباما اس قانون کی حتمی منظوری دے سکیں گے۔ سینیٹ نے یہ بل گزشتہ کچھ عرصے سے جاری طویل بحث کے بعد منظور کیا ہے۔

امریکی صدر باراک اوباما نے اس پیش رفت کو حقیقی اور بامعنی قرار دیتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 1930ء کی دہائی کے بعد سماجی سطح پر کی جانے والی یہ سب سے اہم قانون سازی ہے۔ اوباما نے کہا کہ 1912ء سے ان اصلاحات کے لئے کوششیں جاری ہیں اور تب سے ہی خاص مفاد رکھنے والے گروپ ان کوششوں کا راستہ روکتے آ رہے ہیں۔

Obama Impfung gegen Schweinegrippe
امریکی صدر باراک اوباما نے سینیٹ میں ہیلتھ کیئر بل کی منظوری کو سراہا ہےتصویر: picture alliance / Photoshot

سینیٹ میں اس حوالے سے ہونے والی رائے شماری میں ساٹھ ووٹ اس قانون کے حق میں تھے جبکہ انتالیس اس کے خلاف۔ اس بل کے لئے 'ہاں' کہنے والے سینیٹرز میں اٹھاون ڈیموکریٹس اور دو آزاد ارکان شامل تھے جبکہ ریپبلیکنز نے کُلی طور پر اس کی مخالفت کی۔

اس بل کی منظوری نے امریکی سیاسی منظر نامے پر تفریق کی ایک نئی لکیر بھی کھینچ دی ہے۔ ڈیموکریٹس نے اسے سراہا تو ریپبلیکنز نے اس پر یہ کہتے ہوئے تنقید کی کہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکہ اقتصادی بحران کے اس دور میں اصلاحات کے ایسے پیکیج کا متحمل نہیں ہے۔

سینیٹ میں اقلیتی رہنما مچ میک کونیل کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کے ساتھی اس بل کو قانون بننے سے روکنے کے لئے کام کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس بل پر بڑی رقم خرچ ہو گی اور یہ شہری آزادیوں کے لئے خطرہ ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ریپبلیکنز اس بل سے پیچھا چھڑانا چاہتے تھے۔ ان کی دوسری ترجیح اس پر پیش رفت کو 2010ء کے اواخر تک مؤخر کرنا تھی، یہ وقت ملک میں ضمنی انتخابات کا ہے اور اس وقت ڈیموکریٹس کے لئے اس بل پر حمایت حاصل کرنا مشکل ہو سکتا ہے، جس پر دس برس کے عرصے میں ایک ٹرلین ڈالر کی خطیر رقم خرچ ہوگی۔

شعبہء صحت میں اصلاحات امریکی صدر باراک اوباما کی اندرون ملک پالیسی کی ترجیح رہی ہیں تاہم اسے حتمی شکل دینا ایک طویل اور پیچیدہ مرحلہ ثابت ہو رہا ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: امجد علی