1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی صدر فیملی ٹاک شو ’دی ویو‘ میں

27 جولائی 2010

امریکی صدر باراک اوباما معروف فیملی ٹیلی وژن ٹاک شو ’دی ویو‘میں جلوہ انگیز ہوں گے۔ ABC نیٹ ورک کے مطابق یہ شو جمعرات کو پیش کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/OVJK
تصویر: AP

امریکی صدر باراک اوباما وہ پہلے امریکی صدر ہوں گے، جو دوران صدارت دن کے وقت کسی فیملی ٹیلی وژن شو میں شرکت کریں گے۔

اے بی سی نیٹ ورک کے مطابق اس شو میں باراک اوباما سے ملازمتوں، ملکی اقتصادیات، خلیج میکسیکو میں تیل کے بہاؤ اور وائٹ ہاؤس میں ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں گفتگو کی جائے گی۔

یہ شو انتیس جولائی بروز بدھ کے دن وائٹ ہاؤس میں ریکارڈ کیا جائے گا جبکہ اگلے دن اے بی سی ٹیلی وژن نیٹ ورک پر نشر کیا جائے گا۔

BdT Verleihung der Emmy Awards in New York David Frost
معروف صحافی ڈیوڈ فورسٹ اور باربرا والٹرتصویر: picture alliance / dpa

معروف صحافی اور ٹاک شو 'دی ویو' The View کی معاون میزبان باربرا والٹر، اپنے دل کے آپریشن کے بعد پہلی مرتبہ دوبارہ اس شو میں میزبانی کریں گی۔ مئی میں ان کے دل کی سرجری کی گئی تھی اور تب سے ہی وہ اس شو سے غیر حاضر ہیں۔

باراک اوباما نے مارچ سن 2008ء میں بھی اسی شو میں شرکت کی تھی تاہم اس وقت وہ صدارتی انتخابات کے سلسلے میں اپنی مہم چلا رہے تھے۔ اُسی سال جون میں ان کی اہلیہ مشیل اوباما نے بھی اس شو میں شرکت کی تھی۔

80 سالہ والٹر نے اپنے شو میں باراک اوباما کی شرکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا،'' ہم بہت خوش ہیں کہ امریکی صدر ہمارے شو میں بطور مہمان شریک ہو رہے ہیں، امریکی صدر اور خاتون اول دونوں ہی سمجھتے ہیں کہ ہمارا پروگرام معلومات اور خبروں کی ترسیل کے لیے ایک اہم ذریعہ ہے۔'' انہوں نے مزید کہا کہ وہ ستمبر میں اس پروگرام میں باقاعدہ سے شریک ہوں گی۔

Familie Obama an Ostern
باراک اوباما اپنی اہلیہ اور بچیوں کے ہمراہتصویر: picture-alliance/ dpa

'دی ویو' میں ممتاز شخصیات شرکت کرتی ہیں اور ان سے بلاتکلف گفتگو کی جاتی ہے۔ یہ پروگرام پہلی مرتبہ سن 1997ء میں نشر کیا گیا تھا۔ یہ ٹاک شو دن کے وقت نشر کئے جانے والے پروگراموں سب سے زیادہ مشہور سمجھا جاتا ہے اور اس کے ناظرین میں بالخصوص خواتین انتہائی دلچسپی رکھتی ہیں۔

خیال رہے کہ باراک اوباما نے اس سے قبل مارچ سن 2009ء میں رات گئے پیش کئے جانے والے ٹیلی وژن پروگرام 'ٹونائٹ شو'میں بھی شرکت کی تھی۔ یہ بھی پہلی بار ہوا تھا کہ دوان صدارت کسی امریکی صدر نے کسی ایسے شو میں شرکت کی ہو۔ اس پروگرام میں جے لینو نے میزبانی کے فرائض سر انجام دئے تھے۔

رپورٹ :عاطف بلوچ

ادارت: عدنان اسحاق