1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی صدر کی روسی ہم منصب اور برطانوی ویزر اعظم سے الگ الگ ملاقاتیں

عاطف بلوچ1 اپریل 2009

سخت سیکورٹی اور شدید مظاہروں کے بیچ کل سے لندن میں جی بیس سربراہ اجلاس شرو ع ہو رہا ہے۔ اجلاس سے قبل اوباما نے برطانوی وزیر اعظم اور روسی صدر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

https://p.dw.com/p/HONy
امریکی صدرباراک اوباما لندن میں اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات کے دورانتصویر: picture-alliance/ dpa

امریکی صدر باراک اوباما نے جی بیس سمٹ سے قبل دنیا کے امیر ترین ممالک کے مابین کسی بھی قسم کے اختلافات کو غیر اہم تصور کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ اقتصادی بحرانی صورت حال سے نمٹنے کے لئے تمام ممالک کو متحد ہو کر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ امریکی صدر بننے کے بعد اپنے پہلے یورپی دورے کے دوران آج برطانوی وزیر اعظم گورڈن براون سے ملاقات کے بعد باراک اوباما نے کہا ہے کہ جی بیس سمٹ میں شریک سربراہان مملکت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے نہ کہ اختلافات پر۔

اوباما کے اس بیان سے قبل فرانس نے خبردار کیا تھاکہ اگر مالیاتی نظام میں ریگولیٹری اصلاحات کے معاہدے پر اتفاق رائے نہ ہوا تو وہ جی بیس سمٹ کا بائیکاٹ کرسکتا ہے۔ براؤن سے ملاقات کے بعد اوباما نےکہا کہ وہ اس سمٹ میں اس لئے آئے ہیں کہ وہ شرکاء کو اپنے خیالات سے آگاہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ شرکاء کو سنیں گے نہ کہ صرف لیکچر دیں گے۔

اوباما نے کہا کہ دنیا دوسری جنگ عظیم کے بعد سنگین ترین اقتصادی بحران کا شکار ہے اور اس وقت عالمی اقتصادی بحران سے نمٹنے کے لئے تمام ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عزم رکھتا ہے اور دنوں ممالک کی کوشش ہے کہ ایسا بحران دوبارہ پیدا نہ ہو۔

Gordon Brown
برطانوی وزیر اعظم گورڈن براؤن امریکی صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے موقع پرتصویر: picture alliance / empics

برطانوی وزیر اعظم گورڈن براون نے کہا کہ جی بیس سمٹ کے دوران تمام شرکاء عالمی اقتصادی اصلاحات کے منصوبے پر متفق ہونے کے لئے اکٹھے ہو رہے ہیں اور اس وقت عالمی مسائل کے لئے عالمی سطح پر حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

انہو ں نے کہا کہ اس صورتحال میں جو بھی ضروری اقدامات ہیں ان پر عملدرآمد کے لئے تمام ممالک کو متحد اور پر عزم ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا اس وقت دنیا جس نوعیت کے اقتصادی بحران کا سامنا کر رہی ہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ لوگ اپنی ملازمتوں ، گھروں، یہاں تک کہ کچھ امید بھی کھو چکے ہیں۔

اسی طرح امریکی صدر باراک اوباما نے جی بیس سمٹ سے پہلے روسی صدر دمتری میدوی دیف سے ملاقات بھی کی۔ دونوں رہنماوں نے دسمبر میں غیر موثر ہو جانے والے ایٹمی ہتیھیاوں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے میں توسیع کے لئے مذاکرات کئے۔ بعد ازاں روسی صدر نے کہا کہ وہ امریکہ کے ساتھ بہتر تعلقات کے لئے پر امید ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما جولائی کے مہینے میں روس کا دورہ بھی کریں گے۔