1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی عہدیدار کی فائرنگ، تین افراد ہلاک

Grahame Lucas27 جنوری 2011

لاہور کے پر ہجوم علاقے مزنگ چونگی کے قریب امریکی قونصل خانے کے ایک عہدیدار نے موٹرسائیکل پر سوار دو افراد پر فائرنگ کردی۔ زخمی ہونے والے دونوں افراد نے مقامی سروسز ہسپتال میں دم توڑ دیا۔

https://p.dw.com/p/1064Q
تصویر: AP Graphics

لاہور پولیس کے مطابق قونصل خانے کے اہلکار نے اپنے دفاع میں فائرنگ کی تھی۔ لاہور پولیس کے سربراہ اسلم ترین نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، ’’امریکی شہریت رکھنے والے اس اہلکار نے بیان دیا ہے کہ وہ گاڑی چلا رہا تھا اور جونہی وہ ایک ٹریفک سگنل پر پہنچا، تو اسے دو مسلح موٹر سائیکل سواروں نے روک لیا اور اسے اپنے دفاع میں گولی چلانا پڑی۔‘‘

اسلم ترین کے مطابق یہ امریکی شہری لاہور پولیس کی حراست میں ہے اور اس سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ اس جھڑپ کے بعد امریکی اہلکار نے اپنی گاڑی کو تیزی سے مخالف سمت کی طرف موڑتے وقت ایک راہ گیر کو ٹکر بھی مار دی تھی، جس سے وہ زخمی ہو گیا تھا۔ اس زخمی کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ بھی دم توڑ گیا۔

امریکی قونصل خانے کے اہلکاروں نے تصدیق کی ہے کہ گاڑی میں سوار امریکی شہری لاہور میں قونصل خانے کا ملازم ہے اور وہ مقامی پولیس کے ساتھ مل کر اس واقعے کے بارے میں حقائق جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی تھی تاہم کچھ دور جا کر وہ ٹریفک میں پھنس گیا تھا، جہاں پولیس نے لوگوں کی مدد سے اسے حراست میں لے لیا۔ ملزم کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ڈیوڈ نام کا یہ شخص امریکی شہری ہے اور امریکی قونصلیٹ جنرل کا ملازم ہے۔ مقامی میڈیا سے گفتگو میں لاہور پولیس کے سربراہ اسلم ترین نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کے قریب سے دو پستول بھی ملے ہیں۔

اس واقعے کے بعد لوگوں میں شدید اشتعال پھیل گیا اور وہ پرانی انارکلی کے علاقے میں تھانے کے باہر جمع ہو کر احتجاج کرنے لگے اور ٹائر جلا کر سڑک بند کر دی۔ ان کا مطالبہ تھا کہ ملزم کو ان کے حوالے کیا جائے۔

پولیس نے خطرے کے پیش نظر ملزم کو ایک نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مقامی امریکی قونصل خانے کے انفارمیشن افسر نے اس واقعے پر تبصرے سے انکار کردیا۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: مقبول ملک