1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی پالیسی میں تبدیلی ’اعلان جنگ‘ ہے، حماس

7 دسمبر 2017

حماس کے لیڈر اسماعیل ہنیہ نے فلسطینیوں سے نئی ’انتفادہ‘ یا مزاحمت شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور امریکا کی پالیسی میں تبدیلی کو ’اعلان جنگ‘ قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2ow3Q
Gaza - PK von Hamas-Chef Ismail Haniyeh wegen Jerusalem-Status
تصویر: Reuters/M. Salem

فلسطینیوں کے بااثر گروپ حماس نے جمعے کے روز  سے اسرائیل کے خلاف تیسری ’انتفادہ تحریک‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جمعرات کو غزہ میں بات چیت کرتے ہوئے اسماعیل ہنیہ کا کہنا تھا، ’’ہمیں صہیونی دشمن کے خلاف انتفادہ شروع کرنے کی اپیل اور اس کے لیے کام کرنا ہوگا۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت تک ’مزاحمت جاری رکھی جائے، جب تک ٹرمپ اور قابض طاقتوں کو احساس نہیں ہو جاتا کہ انہوں نے یہ غلط فیصلہ کیا ہے‘۔ ٹوئٹر پر بھی ایک پیغام جاری کرتے ہوئے حماس نے اس امریکی فیصلے کو ’اعلان جنگ‘ قرار دیا ہے۔

یروشلم: امریکی صدر کا اعلان اور عالمی ردعمل

دریں اثناء فلسطینی اتھارٹی نے مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں عام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ فلسطین میں آج بھی امریکی پالیسی میں تبدیلی کے خلاف مظاہرے جاری ہیں جب کہ تمام تر دکانیں اور اسکول بند رکھے گئے ہیں۔ گزشتہ روز مشرقی یروشلم میں دس فلسطینیوں کو  پرتشدد احتجاج کی وجہ سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔

Gaza - Proteste gegen Jerusalem-Status
تصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS.com/M. Asad

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے حقیقت کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے یہ بیان ویانا میں ایک کانفرنس میں شرکت کے دوران دیا ہے۔ ترک وزیراعظم علی بن یلدرم نے کہا ہے کہ امریکا نے ’اس بم کی پِن کھینج دی ہے، جو خطے میں پھٹنے کے لیے تیار ہے‘۔ انہوں نے واشنگٹن حکومت سے یہ فیصلہ واپس لینے کی اپیل کی ہے۔

یورپ کے اٹھائیس رکنی اتحاد یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگیرینی نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کا یہ فیصلہ ’ہمیں ماضی کے تاریک دور میں واپس بھیج سکتا ہے‘۔

یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہیں، ٹرمپ

ادھر اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ کئی دیگر ممالک کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں، جو ٹرمپ جیسا فیصلہ کریں گے، ’’ہم پہلے سے ہی کئی دیگر ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں، جو اسی طرح کا فیصلہ کریں گے۔ اور مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ امریکی سفارت خانہ منتقل ہونے کے بعد کئی ممالک اپنے سفارت خانے یروشلم منتقل کر دیں گے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ’’یہ صرف وقت کا سوال ہے۔‘‘