1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ام الفہم: اسرائیلی پولیس کا عرب مظاہرین پر لاٹھی چارج

27 اکتوبر 2010

اسرائیل میں پولیس نے آج ان عرب مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس اور گرینیڈ استعمال کیا جو اس اسرائیلی عرب شہر میں انتہائی قوم پرست یہودیوں کی ایک ریلی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

https://p.dw.com/p/Pq3S
تصویر: AP

ام الفہم نامی اس اسرائیلی شہر میں پولیس کے ترجمان نے بتا یا کہ منتشر کئے جانے سے پہلے عرب مظاہرین نے، جن کی تعداد چند سو تھی، پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔ اس دوران ہنگاموں پر قابو پانے والی اسرائیلی پولیس کے اہلکاروں نے، جن میں سے بہت سے گھوڑوں پر سوار تھے، ان مظاہرین کے خلاف کاروائی کی۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ اس کارروائی کے دوران دس عرب نقاب پوش مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔

30 یہودی مظاہرین اسرائیل کے شمال میں واقع شہر ام الفہم پہنچے۔ یہ علاقہ ایک اسلامی موومنٹ کا گڑھ مانا جاتا ہے، جس کے لیڈر شیخ رائید صالح کا کہنا ہے کہ اسرائیل یروشلم میں مسلمانوں کے مقدس مقامات کے لئے ایک بڑا خطرہ بنا ہوا ہے۔

Selbstmordattentat in der nordisraelischen Stadt Afula
تصویر: AP

کٹر یہودی قوم پرست مظاہرین کی ریلی کچھ ہی دیر کے لئے نکالی گئی۔ دائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والے اس گروپ کی حفاظت کے لئے پولیس بھی موجود تھی، جس نے کچھ دیر بعد ان یہودی مظاہرین کو بس کے ذریعے واپس بھیج دیا۔ دائیں بازو کے یہودی مظاہرین کے اس احتجاج کا مقصد اسرائیلی حکام پر اس لئے دباؤ ڈالنا تھا کہ شیخ صالح کی تحریک کو ممنوع قرار دیا جائے۔

اس احتجاجی ریلی کے ایک رہنما نے یہ بھی کہا کہ ام الفہم یہودی ریاست کا ایک حصہ ہے اور انہیں وہاں بلا روک ٹوک مارچ کرنے کا حق حاصل ہے۔ اس مارچ کی قیادت کرنے والے ایک یہودی رہنما باروخ مارزیل نے احتجاجی ریلی سے پہلے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ صالح کی تحریک سرطان کے عارضے کی مانند ہے جو اسرائیلی ریاست کو اندر سے تباہ کرنا چاہتی ہے اور اسی لئے وہ چاہتے ہیں کہ اس تحریک کو ممنوع قرار دیا جائے۔

اس گروپ کی طرف سےگزشتہ برس مارچ میں بھی ام الفہم میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی تھی، جس کے بعد شروع ہونے والی جھڑپوں میں دو درجن افراد زخمی ہو گئے تھے۔

شیخ صالح کو، جو ام الفہم کے رہائشی ہیں، نامناسب رویے کے الزام میں ایک اسرائیلی عدالت نے قید کی سزا سنادی تھی۔ شیخ صالح کی گرفتاری2007ء میں یروشلم میں پولیس کےعرب مظاہرین کے ساتھ ہونے والے تصادم کے دوران عمل میں آئی تھی۔ تب شیخ صالح اور ان کے بہت سے ساتھی یروشلم میں بیت المقدس کے قریب تعمیراتی منصوبوں کے خلاف احتجاج کر رہے تھے، جو کہ پوری اسلامی دنیا کے لئے تیسرا مقدس ترین مقام ہے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: کشور مصطفٰی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں