1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انتونیو گوٹیرش اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل

عابد حسین
13 اکتوبر 2016

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پرتگالی سیاستدان انتونیو گوٹیرش کو اگلا سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا ہے۔ وہ اگلے برس یکم جنوری سے بان کی مون کی جگہ لیں گے۔

https://p.dw.com/p/2RCY1
Schweiz Genf Antonio Guterres To Become Next UN Secretary-General
اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرشتصویر: picture-alliance/ZUMAPRESS/Xu Jinquan

گوٹیرش کی نامزدگی سلامتی کونسل کی جانب سے کی گئی تھی اور آج جمعرات تیرہ اکتوبر کو جنرل اسمبلی نے اُس کی تائید و توثیق کر دی ہے۔ ماہرین کے مطابق وہ امن کی سفارتکاری پر یقین رکھتے ہیں اور اُن کے دور میں بین الاقوامی اختلافات میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔ سڑسٹھ سالہ پرتگالی سیاستدان گوٹیرش اپنے ملک کے سابق وزیراعظم رہ چکے ہیں۔ وہ دس سال تک اقوام متحدہ کی ریفیوجی ایجنسی کے سربراہ بھی تھے۔

انتونیو گوٹیرش یکم جنوری 2017ء  کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالیں گے۔ وہ عالمی ادارے کے نویں سربراہ ہوں گے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر پیٹر تھامسن نے نئے سیکرٹری جنرل کے توثیق کے لیے قرارداد پیش کی اور اِس موقع پر انہوں نے اس یورپی سیاستدان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوٹیرش ذہانت، بردباری اور لیڈرشپ کا ایک مجسم پیکر ہیں۔

UN Bestätigung Wahl Generalsekretär Antonio Guterres
گوٹیرش کی نامزدگی کی توثیق کرنے والا جنرل اسمبلی کا اجلاستصویر: Reuters/L. Jackson

سلامتی کونسل میں نامزدگی کے وقت تیرہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا۔ ان میں سات خواتین اور چھ مرد تھے۔ اقوام متحدہ کے موجودہ سیکرٹری جنرل بان کی مون کی مدت اکتیس دسمبر 2016ء کو اپنے اختتام کو پہنچ رہی ہے۔ بہتّر سالہ بان کا تعلق جنوبی کوریا سے ہے اور وہ یکم جنوری 2007ء سے یعنی تقریباً دَس سال سے اقوام متحدہ کے آٹھویں سیکرٹری جنرل کی ذمہ داریاں نبھاتے چلے آ رہے ہیں۔ اس سے پہلے وہ 2004ء سے لے کر 2006ء تک اپنے ملک کے وزیر خارجہ رہے تھے۔