1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انٹیل پر الزامات اور جرمانہ بھی

گوہر نذیر گیلانی15 مئی 2009

کمپیوٹرز کے لئے الیکٹرانک چپس بنانے والی کمپنی انٹیل ایک بار پھر تنازعات کی زَد میں ہے۔یورپی کمیشن نے انٹیل پر مارکیٹ میں اپنی پوزیشن کا ناجائز فائدہ اٹھانے کے الزام میں ایک ارب یورو سے زیادہ کا جرمانہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/Hqo5
تصویر: AP

یورپی کمیشن نے کمپیوٹر چپس تیار کرنے والی امریکی کمپنی Intel پر مارکیٹ میں اجارہ داری کا الزام عائد کیا ہے۔ انٹیل نے تاہم اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے اپنے دفاع میں کہا ہے کہ کمپنی نے مراعات دینے میں کبھی بھی یورپی قوانین کی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔

انٹیل کمپیوٹرز کے لئے الیکٹرانک چپس بنانے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے۔ یورپی کمیشن نے اِس امریکی ادارے کو مارکیٹ میں اپنی ’’بالا دست حیثیت کے ناجائز استعمال‘‘ کی پاداش میں اس پر ایک ارب یورو سے زیادہ کا جرمانہ عائد کیا ہے۔

یورپی کمیشن کا الزام ہے کہ انٹیل نے کمپیوٹر کا دماغ تصور کئے جانے والے سینٹرل پراسیسنگ یونٹس CPU's کی مارکیٹ پر اپنی بالادستی قائم کرنے کے لئے ناجائز طریقہء کار اپنایا۔ برسلز میں یورپی کمیشن نے بتایا کہ یہ امریکی ادارہ برسوں تک کمپیوٹر تیار کرنے والوں کو اس شرط پر مراعات دیتا رہا ہے کہ وہ حریف اداروں سے یا تو کوئی پرزہ جات نہیں لیں گے یا پھر بہت کم۔ انٹیل پر یہ الزام بھی ہے کہ اس نے مزید غیر قانونی سرگرمیوں کے ذریعے صارفین کے لئے انتخاب کے عمل کو محدود بنادیا ہے۔

کمیشن کے مطابق انٹیل نے اپنی مراعات کی پالیسیاں مکمل یا جزوی طور پرخفیہ رکھیں تاکہ پرسنل کمپیوٹرز یا پی سی تیار کرنے والی Acer، Dell، اور HP جیسی کمپنیوں کو انٹیل سے ہی سینٹرل پراسیسنگ یونٹ خریدنا پڑے۔

انٹیل نے تاہم اعلان کیا ہے کہ وہ یورپی کمیشن کی طرف سے جرمانہ عائد کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل کرے گا۔ انٹیل کے جنرل کونسل Bruce Sewell نے کمپنی کی رعایتی پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کمپیوٹر تیار کرنے والے ادارے انٹیل سے CPU خریدتے وقت قیمتوں میں رعایت کی توقع رکھتے ہیں۔

یورپی یونین کی مقابلہ بازی کے شعبے کی کمشنر Neelie Kroes نے بتایا کہ انٹیل کی طرف سے اپنی حریف کمپنیوں کو پیچھے چھوڑنے کے طرز عمل سے یورپ کے لاکھوں صارفین کو نقصان پہنچا ہے۔ یورپی یونین گذشتہ آٹھ سال سے انٹیل کے خلاف تحقیقات کر رہی تھی۔ Kroes نے بتایا کہ انٹیل نے یورپی مارکیٹ کے قوانین کی نہ صرف خلاف ورزی کی ہے بلکہ یورپ کے صارفین کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپ میں انٹیل یا کسی اور کمپنی کے ایسے طرز عمل کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ماضی میں بھی یورپی یونین نے انٹیل پریہ الزام عائد کیا تھا کہ اس نے کمپیوٹرز کا ساز و سامان بیچنے والی ایک بڑی یورپی کمپنی کو اس بات کے لیے پیسے دئے تھے کہ وہ ایسا سامان فروخت نہ کرے جس میں اس کی حریف کمپنی AMD کے چپس استعمال کیے گئے ہوں۔ انٹیل نے اس وقت اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسے یورپی کمیشن کے دعوے سے مایوسی ہوئی ہے۔