1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈر ٹونٹی فٹ بال ورلڈ کپ: جرمنی کوارٹر فائنل میں

رپورٹ:عابد حسین، ادارت:ندیم گِل8 اکتوبر 2009

فٹ بال کے نگراں ادارے فیفا کا بیس سال سے کم نوجوانوں کا عالمی کپ مصر کی میزبانی میں جاری ہے۔ پری کوارٹر فائنل مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ اب جمعہ سے کوارٹر فائنل میچ شروع ہو رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/K1cs
تصویر: picture-alliance/ dpa

جرمن انڈر ٹوئنٹی فٹ بال ٹیم نے پری کوارٹر فائنل اسٹیج پر اپنا میچ افریقی ملک نائجیریا کے خلاف کھیلا اور ایک زبردست مقابلے کے بعد اُس کو جیت کر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی۔

دو کوارٹر فائنل، نو اکتوبر کو اور دو دس کو کھیلے جائیں گے۔ جمعہ کو ایک کوارٹر فائنل میچ کوریا اور گھانا کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اٹلی اور ہنگری کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دس اکتوبر کو کوارٹر فائنل مقابلوں میں ایک میچ برازیل اور جرمنی کے درمیان ہو گا جبکہ دوسرا میچ کوسٹا ریکا اور متحدہ عرب امارت کی ٹیمیں کھیلیں گی۔

جرمنی کا نائجیریا کے ساتھ پری کوارٹر فائنل میچ انتہائی دلچسپ اور زوردار کھیل سے عبارت تھا۔ جرمنی کی ٹیم آخری لمحوں میں گول کر کے بمشکل میچ جیت پائی۔ اُس سے قبل دو دو گول سے میچ برابر تھا۔ ہاف ٹائم پر دونوں ٹیمیں بغیر کسی گول کے برابر کھیل رہی تھی۔ وقفے کے بعد میچ میں انتہائی سنسنی خیزی دیکھی گئی۔ جرمنی کی جانب سے بی ژورن کوپلن نے تیسرا اور میچ وننگ گول کیا۔

برازیل اور یورا گوئے کا میچ برازیلی ٹیم نے قدرے آسانی سےجیت لیا۔ میزبان ملک مصر کی ٹیم گزشتہ روز کوسٹا ریکا کی ٹیم سے ہار گئی تھی۔ خلیجی ریاستوں کی ٹیم متحدہ عرب امارات نے وینز ویلا کو ہرا کر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی ہے۔ گزشتہ روز ہنگری اور چیک جمہوریہ کا میچ پنالٹی ککس پر نتیجہ خیز ثابت ہوا اور ہنگری کی ٹیم یہ میچ جیت کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔

فیفا کا انڈر ٹوئنٹی ورلڈ کپ ہر دو سال بعد منعقد کیا جاتا ہے۔ گزشتہ ورلڈ کپ کا انعقاد کینیڈا میں کیا گیا تھا جہاں ارجنٹائن کی ٹیم فائنل جیتنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ اِس مرتبہ وہ ٹورنامنٹ سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہے۔ حقیقت میں ارجنٹائن نے کینیڈا میں منعقدہ انڈر ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے اُس اعزاز کا کامیاب دفاع کیا تھا جو اُس نے سن دو ہزار پانچ میں ہالینڈ میں حاصل کیا تھا۔

موجودہ ورلڈ کپ کا میزبان افریقی ملک مصر ہے اور اگلا انڈر ٹوئنٹی کا عالمی کپ سن دو ہزار گیارہ میں کولمبیا میں کھیلا جائے گا۔ مصر میں کھیلا جانے والا انڈر ٹوئنٹی فٹ بال عالمی کپ چوبیس ستمبر سے جاری ہے اور اِس کا فائنل میچ سولہ اکتوبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دو سیمی فائنل میچ تیرہ اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ موجودہ انڈر ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ مصر کے پانچ شہروں میں کھیلے جا رہے ہیں۔ اِن میں دارالحکومت قاہرہ کے علاوہ اسکندریہ، سویز، پورٹ سعید اور اسمعیلیہ شامل ہیں۔