1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈر 19 ورلڈ کپ کرکٹ: بھارت پر پاکستان کی فتح

23 جنوری 2010

آسٹریلیا میں اِن دنوں 19 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کا ICC ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ جاری ہے۔ ہفتے کے روز منعقدہ ایک سنسنی خیز کوارٹر فائنل میچ میں پاکستان نے اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والی بھارتی ٹیم کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/Lf9t
بارش کے باعث اوورز محدود کرنا پڑےتصویر: AP

بارش کی وجہ سے اوورز کی تعداد 23 تک محدود کر دی گئی تھی۔ اِن 23 اوورز میں بھارتی ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چودہ رنز بنا پائی۔ بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ یعنی چالیس رنز مندیپ سنگھ نے بنائے۔ کامیاب ترین پاکستانی بولر رہے، فیاض بٹ، جنہوں نے سینتالیس رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ رضا حسن نے چھبیس رنز کے عوض تین بھارتی کھلاڑی آؤٹ کئے۔

جواب میں پاکستانی اننگ کا آغاز اچھا نہ رہا اور سترہ کے اسکور پر ہی تین کھلاڑی آؤٹ ہو کر پیولین جا چکے تھے۔ لیکن اس کے بعد احسن علی اور رمیز عزیز کی پچپن رنز کی کامیاب پارٹنرشپ نے پاکستانی کی فتح کی راہ ہموار کر دی۔ ابھی تین گیندیں باقی تھیں کہ پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو سترہ رنز بناتے ہوئے یہ میچ جیت لیا۔

پاکستانی کھلاڑی حماد اعظم تیرہ گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے اکیس رنز بناتے ہوئے ناٹ آؤٹ رہے۔ اپنی اِس کامیابی کی بدولت پاکستانی ٹیم اِس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے، جہاں اُس کا مقابلہ پیر کو ویسٹ انڈیز کے ساتھ ہو گا۔

ویسٹ انڈیز نے ہفتے کو 36 اوورز تک محدود کر دئے جانے والے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کو اٹھارہ رنز سے شکست دے دی۔ ویسٹ انڈیز نے 166 رنز بنائے جبکہ انگلینڈ کو 148 کے اسکور پر آؤٹ کر دیا۔ ویسٹ انڈیز کی کامیابی میں تیسری وکٹ میں کریگ بریتھ ویٹ (69) اور آندرے کلیئری (59)کی ایک سو تین رنز کی پارٹنرشپ کے ساتھ ساتھ جیسن ہولڈر کی تباہ کن بولنگ نے بھی کلیدی کردار ادا کیا، جنہوں نے صرف اُنیس رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

اتوار کو دو دیگرکوارٹر فائنل میچ کھیلے جائیں گے۔ نیوزی لینڈ کا مقابلہ آسٹریلیا کے ساتھ ہو گا جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : عاطف توقیر