1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈر19 میں بھی آسٹریلیا پاکستان سے جیت گیا

30 جنوری 2010

آسٹریلیا میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کی پہلے ٹیسٹ اور پھر ون ڈے سیریز میں شرمناک شکست کے بعد نیوزی لینڈ میں انڈر 19 ورلڈ کپ میں بھی پاکستانی ٹیم آسٹریلیا سے ہار گئی۔

https://p.dw.com/p/Lnh9
تصویر: AP

کرکٹ کے U-19 ورلڈ کپ کے کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے فائنل میچ میں ہفتے کے روز آسٹریلیا نے پاکستان کو 25 رنز سے ہرا دیا اور یوں آسٹریلیا تین مرتبہ یہ کپ جیتنے والا پہلا ملک بھی بن گیا۔

انیس سال سے کم عمر کے کھلاڑیوں کے ورلڈ کپ کے اس فائنل میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نو وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے۔ ان میں کین رچرڈسن کے تیزرفتار 44 رنز، ٹم آرمسٹرونگ کے 37 اور جیسن فلوروس کے 35 رنز بھی شامل تھے۔

پاکستانی ٹیم نے، جو ماضی میں دو مرتبہ یہ ورلڈ کپ جیت چکی ہے، اپنی اننگز میں 43 ویں اوور تک ایسا کھیل پیش کیا کہ اس کی کامیابی کی امید کی جا رہی تھی۔ تب اسے کامیابی کے لئے 51 رنز درکار تھے اور اس کی چار وکٹیں ابھی باقی تھیں۔

پھر پاکستانی کپتان عظیم گھمن 41 کے ذاتی سکور پر آؤٹ ہو گئے اور باقی تین کھلاڑی چار اوورز میں اپنی ٹیم کے سکور میں صرف 26 رنز کا اضافہ کر کے آؤٹ ہو گئے۔ یوں پاکستانی ٹیم جو تیس اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنا چکی تھی، اپنی آخری وکٹیں بہت جلد کھو دینے کے بعد یہ فائنل 25 رنز سے ہار گئی۔

کپتان عظیم گھمن کے علاوہ احمد شہزاد پاکستان کے واحد نمایاں بیٹسمین رہے جنہوں نے 36 رنز سکور کئے۔ آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر جوش ہیزل وُڈ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے 30 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

رپورٹ : مقبول ملک

ادارت : عاطف توقیر