1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈونیشیا: سونامی سے متاثرہ 135افراد زندہ مل گئے

31 اکتوبر 2010

انڈونیشیا میں گزشتہ ہفتے آئے سونامی کی تباہ کاریوں کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اسی دوران 135 لاپتہ افراد زندہ مل گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Puz7
سونامی کے متاثرین ایک دوسرے کو دلاسہ دیتے ہوئےتصویر: AP

مون سون کی ہواؤں اور سمندر کی اونچی اور تیز لہروں کے سبب امدادی کاموں میں دشواریاں ہو رہی ہیں۔ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق 450 لوگ مارے جاچکے ہیں اور ایک سو کے قریب لاپتہ ہیں۔سماٹرا جزیرے کی جنوبی ساحلی پٹی میں زلزلے کے بعد تین میٹر تک کی اونچی سمندری لہروں نے شدید تباہی مچادی تھی۔ اتوار کو موسم قدرے بہتر ہونے کے بعد سے بچاؤ اور بحالی کے کام تیز کردئے گئے۔ راحت کاری کے کاموں کے نگران حکومتی عہدیدار عارف رحمان نے امید ظاہر کی ہے کہ تمام دور دراز جزائر تک پہنچا جاسکتا ہے۔

بادل چھٹتے ہی جکارتہ حکومت نے م‍زید ہیلی کاپٹر متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کردئے ہیں جہاں محض فضائی یا سمندر ی راستے کے ذریعے ہی پہنچا جاسکتا ہے۔ انڈونیشیا کے شمالی جزیرے پاگائی میں ایک ہفتے بعد پینے کا پانی، ڈبوں میں بند خوراک، ادویات اور خیمے پہنچ پائے ہیں۔ پاگائی کے ایک رہائشی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ گاؤں والوں نے اس دوران جنگل میں دستیاب چیزوں پر ہی گزارا کیا۔

Flash-Galerie Indonesien Vulkanausbruch von Vulkan Merapi
ماؤنٹ میراپی کا آتش فشاںتصویر: AP

ایک حکومتی عہدیدار نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ لاپتہ افراد میں سے بیشتر مرچکے ہیں اور ان کی لاشیں مٹی تلے دبی ہوئی ہیں۔ اس وسیع تباہی کے بعد اتوار کو ایک خوشگوار حیرت نے اس وقت بیشتر افراد کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی، جب ایک گاؤں میں 135 افراد زندہ پائے گئے۔ یہ لوگ مزید اونچی سمندری لہروں کے خوف سے ایک اونچے مقام پر پناہ لئے ہوئے تھے۔

سونامی کے ساتھ ساتھ جس دوسری بڑی قدرتی آفت نے انڈونیشیا کو گھیرا ہوا ہے وہ ماؤنٹ میراپی کے آتش فشاں کا پھر سے پھٹنا ہے۔ جاوا جزیرے پر واقع اس آتش فشاں سے راکھ اور دھوئیں کے بادلوں نے لگ بھگ 50 ہزار افراد کو نقل مکانی پر مجبور کردیا ہے۔ اس سے قبل منگل کو اس آتش فشاں کے پھٹنے سے 36 افراد ہلاک ہوئے، جس کے سبب مقامی آبادی شدید خوف و حراس کا شکار ہے۔

دونوں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے امریکہ، یورپی یونین اور آسٹریلیا نے انڈونیشیا کو مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ کرہ ارض پر انڈونشیا ’’پیسیفک رنگ آف فائر‘‘ پر واقع ہے، جس میں بے شمار عامل آتش فشاں اور زلزلے کا سبب بننے والی فالٹ لائنز موجود ہیں۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید