1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈونیشیا: فوجی طیّارہ گر کر تباہ، نوّے ہلاک

رپورٹ: شامل شمس20 مئی 2009

انڈونیشیا کے زرائع ابلاغ کے مطابق بدھ کے روز مشرقی جاوا صوبے میں ایک فوجی طیّارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں نوّے کے قریب افراد جاں بہ حق ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/Htra
حادثے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہو سکی ہےتصویر: picture-alliance/ dpa
Flugzeugabsturz Indonesien
گزشتہ چند ہفتوں کے دوران انڈونیشیا کی فضائیہ کو پیش آنے والا یہ دوسرا حادثہ ہےتصویر: AP


اطلاعات کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے پندرہ افراد کو قریبی ہسپتال لے جایا گیا ہے۔

ہیرکیولیس سی ون تھرٹی نامی اس عسکری جہاز میں ایک سو دس افراد سوار تھے۔ یہ طیّارہ دارلحکومت جکارتا سے مشرقی صوبے پاپوا کی جانب پرواز کر رہا تھا۔ بعض زرائے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چھیانوے تک بتا رہے ہیں۔ طیّارے پر کم از کم دس بچّے بھی سوار تھے۔

انڈونیشیا کے فوجی زرائع کے مطابق حادثے کا شکار طیّارے سے ایک سو پانچ افراد کو باہر نکالا گیا جن میں سے نوّے ہلاک ہو چکے تھے جب کہ دس شدید زخمی اور پانچ معمولی زخمی ہوئے تھے۔

Flugzeugabsturz Indonesien
طیّارے کا ملبہ صاف کرنے اور اس میں ممکنہ طور پر دبے مزید افراد کو باہر نکالنے کا کام جاری ہےتصویر: AP


مذکورہ طیّارہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے چھ بجے حادثے کا شکار ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق جہاز گرنے سے پہلے زبردست جھٹکے لے رہا تھا اور گرنے سے زرا دیر قبل اس کا ایک پر طیّارے سے علیحدہ ہو گیا تھا۔

انڈونیشیا کے حکّام کے مطابق طیّارے کا ملبہ صاف کرنے اور اس میں ممکنہ طور پر دبے مزید افراد کو باہر نکالنے کا کام جاری ہے۔ ہسپتال زرائع کے مطابق جن زخمی افراد کو ہسپتال لایا گیا ہے ان میں سے بیشتر کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔

گزشتہ چند ہفتوں کے دوران انڈونیشیا کی فضائیہ کو پیش آنے والا یہ دوسرا حادثہ ہے۔ چھ اپریل کو مغربی جاوا صوبے میں ایک عسکری فوکر طیّارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز پر موجود تمام چوبیس افسران ہلاک ہوگئے تھے۔