1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈونیشیا کا سب سے زیادہ مطلوب دہشت گرد نوردین توپ ہلاک

8 اگست 2009

انڈو نیشی جزیرے جاوا میں رات بھر جاری رہنے والی جھڑپوں کے بعد پولیس نے انسداد دہشت گردی کے ادارے کو سب سے زیادہ مطلوب اسلامی انتہا پسند لیڈر نورالدین محمد توپ کو ہلاک کر دینے کا دعویٰ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/J640
انڈونیشیا کی پولیس، انسداد دہشت گردی کے ادارے اورشدت پسندوں کے مابین شدید نوعیت کی مسلح جھڑپیں ہوئیںتصویر: AP

تاہم انڈونیشی حکام کی طرف سے اب تک اس بارے میں تصدیق سامنے نہیں آئی ہے۔ گزشتہ روز یعنی جمعہ کی سہ پہر سے انڈونیشیا کی پولیس، انسداد دہشت گردی کے ادارے اورشدت پسندوں کے مابین شدید نوعیت کی مسلح جھڑپیں ہوئیں۔ اطلاعات کے مطابق پولیس نے مرکزی جاوا میں نورمحمد اوران کے ساتھیوں کے اُس گھر کا محاصرہ کررکھا تھا، جہاں یہ دہشت گرد چھپے ہوئے تھے۔ سترہ گھنٹوں تک جاری اس محاصرے اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد اسکائی ماسکس پہنے پولیس اہلکاروں نے جاوا کے فارم ہاؤس کو بھاری اسلحہ جات کا استعمال کرتے ہوئے مسمار کر دیا۔

Indonesien Tötung Terrorist Noordin Top
پولیس نے مرکزی جاوا میں نورمحمد اوران کے ساتھیوں کے اُس گھر کا محاصرہ کررکھا تھاتصویر: AP

انڈونیشی پولیس اورانسداد دہشت گردی کے یونٹ کے اس بڑے آپریشن کا اصل ہدف جنوبی مشرقی ایشیا کے سب سے زیادہ مطلوب شدت پسند، ملیشیاء سے تعلق رکھنے والے نورالدین محمد توپ تھے۔ ان پرسن 2002 کے بالی بم حملے، انڈونیشیا کی تاریخ کے بدترین اورسب سے زیادہ خونریزخود کش بم حملےکے بعد، انڈونیشیا کے لگژری ہوٹلوں اورجکارتہ میں قائم آسٹریلیا کے سفارت خانے پرحملوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد ہے۔

گزشتہ شب جاوا میں ہونے والے اس غیرمعمولی آپریشن کا اختتام آج ہفتے کی صبح ایک نہایت ڈرامائی انداز میں ہوا۔ اسے ہولی وؤڈ ایکشن فلم کے کسی سین سے تعبیر کیا جا رہا ہے۔ تاہم اس ڈرامائی سین کے انجام تک پہنچنے میں کچھ دشواریاں سامنے آ رہی ہیں، کیونکہ انڈونیشی حکام نے ابھی تک میڈیا کے ذریعے منظر عام پرآنے والی اس خبر کی تصدیق نہیں کی ہے۔

رپورٹ : کشورمصطفیٰ

ادارت : عاطف توقیر