1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈین گراں پری: فیٹل کامیاب

30 اکتوبر 2011

بھارت میں افتتاحی فارمولا ون موٹر کار ریس کا انعقاد ہو گیا ہے۔ ریس کے لیے خصوصی ٹریک دارالحکومت کے قریب واقع گریٹر نوئیڈا میں تعمیر کیا گیا تھا۔ بھارت میں منعقدہ ریس کے فاتح فیٹل تھے۔

https://p.dw.com/p/131tN
سباستیان فیٹلتصویر: dapd

فارمولا ون کار ریسنگ میں شریک ریڈ بُل ٹیم کے جرمن ڈرائیور سباستیان فیٹل نے افتتاحی انڈین گراں پری کو جیت لیا ہے۔ ان کے نزدیک ترین حریف برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن تھے۔ وہ میکلارن ٹیم کا حصہ ہیں۔ تیسری پوزیشن  فراری ٹیم کے ہسپانوی ڈرائیور فرنانڈو آلانسو کو ملی۔ فیٹل نے جینسن بٹن کو آٹھ سیکنڈ سے زائد فرق سے شکست دی۔ انڈین گراں پری میں لوئیس ہملٹن اور برازیلی ڈرائیور فلپ ماسا کے درمیان ایک بار پھر ٹکر ہو گئی۔

جرمنی کے سباستیان فیٹل نے اتوار کے روز انڈین گراں پری میں گرِڈ پر سب سے آگے کھڑے ہونے کا اعزاز گزشتہ روز پول پوزیشن جیتنے کے بعد حاصل کیا تھا۔ ریس کے آغاز پر فیٹل کے ساتھی مارک ویبر دوسرے اور ہسپانوی ڈرائیور فرنانڈو آلانسو تیسرے مقام پر کھڑے تھے۔

گریٹر نوئیڈا کے گوتم بدھ نگر میں واقع بدھ انٹرنیشنل ٹریک پر رواں برس کی پندرہویں ریس اپنی منزل کو پہنچ گئی ہے۔ نئی دہلی اور ٹریک کے قرب و جوار کے تمام ہوٹلز شائقین سے بھر گئے تھے۔ ہوٹلوں کے کمروں کی بکنگ کئی ہفتے پہلے ہی مکمل ہو گئی تھی۔

بدھ انٹرنیشنل ٹریک کی تعمیر زرعی اراضی کے قریب ہے اور  ٹریک پر دھول مسلسل گرتی دیکھی گئی۔ فضا کے اندر موجود گرد  پر ڈرائیوروں نے بیزاری کا احساس بھی ظاہر کیا۔ بیزاری کی بنیادی وجہ ریس  ٹریک پر فارمولا ون گاڑیوں کے لیے مقرر  مختلف سگنلز پر گرد کا بیٹھنا  اور ان کا ڈرائیونگ کے دوران صحیح طور پر دکھائی نہ دینا تھا۔

Red Bull driver Sebastian Vettel of Germany celebrates after winning the Korean Formula One Grand Prix at the Korean International Circuit in Yeongam, South Korea Sunday, Oct. 16, 2011. (Foto:Eugene Hoshiko/AP/dapd)
فیٹل ڈرائیورز چیمپسن شپ بھی جیت چکے ہیںتصویر: dapd

 عالمی چیمپئن سباستیان فیٹل نے بدھ انٹرنیشنل ٹریک کو ایک چیلنجنگ ٹریک قرار دیا۔ مجموعی طور پر عالمی فارمولا ون منظر پر انڈین گراں پری کو ایک شاندار اضافہ قرار دیا گیا ہے۔ انڈین گراں پری میں سباستیان فیٹل نے اس سال گیارہویں کامیابی حاصل کی ہے۔ اگر وہ، دو مزید ریس جیت گئے تو جرمنی کے تاریخ ساز ڈرائیور میشائل شوماخر کا تیرہ فارمولا ون مقابلے جیتنے کے ریکارڈ کو برابر کردیں گے۔ اب رواں برس صرف دو ہی ریس باقی رہ گئی ہیں۔ اگر فیٹل ایک اور پول پوزیشن جیتنے میں کامیاب ہو گئے تو  وہ  معروف برطانوی فارمولا ون ڈرائیور نائجل مینسل (Nigel Mansell's) کے چودہ پول پوزیشنیں جیتنے کے ریکارڈ کو برابر کردیں گے۔ فیٹل کے پوائنٹس کی تعداد 374 ہے۔ قریب ترین حریف جینسن بٹن 220 پوائنٹس رکھتے ہیں۔

انڈین گراں پری کے بعد اب رواں برس کے فارمولا ون سیزن میں صرف دو ریس باقی رہ گئی ہیں۔ ان میں اگلی ابو ظہبی کے یاس مرینہ کے ٹریک پر تیرہ نومبر کو شیڈیول ہے جبکہ آخری ریس برازیل میں ستائیس نومبر کو ہو گی۔ فارمولا ون میں ڈرائیورز  اور موٹر گاڑیوں کی چیمپئن شپ سباستیان فیٹل اور ان کی ٹیم ریڈ بُل پہلے ہی جیت چکی ہیں۔

رپورٹ:  عابد حسین ⁄ خبر رساں ادارے

ادارت:  امتیاز احمد 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں