1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگلش ٹیم کی بھارت واپسی کا فیصلہ آج ہو گا

2 دسمبر 2008

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے انگلش کرکٹ ٹیم کو ٹیسٹ سیریز کے لئے دوبارہ بھارت بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ آج سیکورٹی ایڈوائزر کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/G7oA
سات ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھارت نے پانچ میچ جیت لئے تھے تاہم دو میچ نہیں کھیلے جا سکےتصویر: AP

بھارتی بورڈ کے مطابق ای سی بی نے احمد آباد اور ممبئی کے بجائے چنائی اور موہالی میں ٹیسٹ میچز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے لیکن دورے کا حتمی فیصلہ سیکورٹی ایڈوائز Reg Dickason کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔ Reg Dickason سیکورٹی کی صورت حال کا جائزہ لینے اور بھارتی حکام سے بات چیت کیلئے چنائی میں ہیں۔

انگلینڈ پلیئرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین Sean Morris کا کہنا ہے کہ وہ آج منگل کے روزانگلش کھلاڑیوں سے ملاقات کررہے ہیں اور امید ہے کہ اس وقت تک ای سی بی کو رگ ڈکسن کی رپورٹ بھی موصول ہوجائے گی۔ مورس کا کہنا ہے : ’’ہمیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ بھارتی کرکٹ بورڈز نے ٹیسٹ میچز کے وینیوز کے حوالے سے ای سی بی کے خدشات دور کرنے کے لئے اقدامات کئے لیکن پھر بھی ٹیم کے بھارت جانے کا دارومدار سیکورٹی رپورٹ پر ہے۔‘‘

India Shooting England
ممبئی حملوں کے بعد انگلش ٹیم نے بقیہ دو ایک روزہ میچ منسوخ کردئیے تھےتصویر: AP

اس حوالے سے ذرائع کے مطابق ای سی بی کی جانب سے دورہ بھارت میں انگلش کھلاڑیوں کے لئے سخت سیکورٹی اور خصوصی کمانڈو دستہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دہشتگردی کے کسی بھی واقعہ کی صورت میں کھلاڑیوں کو بحفاظت نکالنے کے لئے پیشگی منصوبہ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

ادھر بھارتی کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ انگلینڈ نے بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لئے رضامندی ظاہر کر دی ہے ۔بھارتی بورڈ کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 11 سے 15 دسمبر تک چنائی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ 19سے 23 دسمبر تک موہالی میں ہو گا۔

واضح رہے کہ ممبئی میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد انگلینڈ اور بھارت کے درمیان ہونے والے آخری 2 ایک روزہ انٹرنیشنل میچ منسوخ کر دیئے گئے تھے اور انگلینڈ ٹیم وطن واپس چلی گئی تھی۔