1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کارڈیف ٹیسٹ میچ

28 مئی 2011

سری لنکا کی کرکٹ ٹیم ان دنوں انگلینڈ کے دورے پر گئی ہوئی ہے۔ اس سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ انگلستان کے علاقے ویلز کے اہم شہر کارڈیف میں کھیلا جا رہا ہے۔ میچ کا پہلا دن بارش سے متاثر تھا۔

https://p.dw.com/p/11Pd1
سری لنکن ٹیم ایک سابقہ میچ میںتصویر: AP

سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن سری لنکا کی پہلی اننگز مکمل ہو گئی ہے۔ کارڈیف شہر کے صوفیہ گارڈن میں قائم کرکٹ اسٹیڈیم پر ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کی ٹیم نےپہلی اننگز میں 400 رنز بنائے ہیں۔ اس اسکور کے حصول میں اس کی دس وکٹیں گریں۔ انگلینڈ کے خلاف سری لنکا کے بیٹسمین پھرسنا جے وردھنے نے شاندار سینچری بنائی۔ وہ 112 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ تین دوسرے بیٹسمین نصف سینچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔ پھرسنا جے وردھنے اس ٹیسٹ میچ میں سری لنکن ٹیم کے لیے وکٹ کیپر کے فرائض بھی نبھا رہے ہیں۔

انگلینڈ کی جانب سے باؤلنگ میں تیز بالر اینڈرسن اور اسپنر سوان کامیاب رہے۔ دونوں نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایک دوسرے تیز بالر براڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

Flash-Galerie Sri Lanka Cricket
سری لنکن کرکٹ ٹیم کے نئے کپتان تلکرتنے دلشانتصویر: AP

انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز کا کھیل شروع کر دیا ہے۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر انگریز ٹیم نے سینتالیس رنز بنائے تھے اور اس کی ایک اہم وکٹ گر گئی تھی۔ آؤٹ ہونے والے ٹیم کے کپتان اینڈریوسٹراؤس تھے۔ ان کو سری لنکن بالر لکمال نے آؤٹ کیا۔

ٹیسٹ میچ کا پہلا دن بارش سے متاثر تھا۔ سری لنکن ٹیم کے کپتان دلشان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اپنے پارٹنر پراناوتانا کے ساتھ اچھی افتتاحی شراکت قائم کی۔ دلشان پچاس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔ سری لنکا کی جانب سے پراناوتانا نے 66 اور سماراویرا نے چھپن رنز بنائے۔

رواں برس بھارتی شہر ممبئی میں کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں میزبان ملک سے شکست کے بعد وکٹ کیپر کپتان کمار سنگاکارا نے ایک روزہ کپتانی سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ تب سے سری لنکا کی ٹیم کی کپتانی اوپننگ بیٹسمین تلکرتنے دلشان کر رہے ہیں۔ سنگاکارا نے ٹیسٹ میچوں میں کپتانی جاری رکھنے کی خواہش کا اظہار ضرور کیا تھا لیکن سری لنکن کرکٹ بورڈ ان کی اس تجویز سے متفق نہیں ہوا۔ بورڈ نے کامیاب اوپنر تلک رتنے دلشان کو ایک روزہ، ٹیسٹ اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ فارمیٹ کا کپتان مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں