1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگلینڈ کے خلاف آسٹریلیا کی ایک اور جیت

10 ستمبر 2009

آسٹریلیا نے تیسرے ایک روزہ میچ میں انگلینڈکو چھ وکٹوں سے شکست دے کر سات میچوں کی سیریز میں تین صفر کی برتری حاصل کر لی۔

https://p.dw.com/p/JbBT
مچل جانسن نے اس میچ میں دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیاتصویر: AP

روزباوٴل سٹیڈیم میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنائے۔کپتان اینڈریو سٹراؤس 63 اور مورگن 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے شین واٹسن نے تین جبکہ مچل جانسن نے دو کھلاڑیوں کوآوٴٹ کیا۔

جواب میں آسٹریلیا نے کیمرون وائٹ کی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ ہدف 49 ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ وائٹ ایک سو پانچ اور کپتان مائیکل کلارک باون رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی اننگ کا آغاز متاثر کن نہیں تھا تاہم بعد میں آنے والے بلے بازوں نے وکٹ گنوائے بغیر ٹیم کے سکور میں نمایاں اضافہ کیا۔ آسٹریلیا کو پہلا نقصان ابتدائی بلے باز شین واٹسن کی وکٹ گرنے پر ہوا۔ شین واٹسن سولہ کے مجموعی سکور پر پیولین لوٹ گئے۔ باون کے سکور پر آسٹریلیا کی دوسری وکٹ گری۔ تاہم وائٹ اور کلارک نے لمبی پارٹنر شپ کے ذریعے ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کر دی۔انگلینڈ کی طرف سے جیمز اینڈرسن،کالنگ ووڈ اور سوان نے ایک ایک کھلاڑی کو نشانہ بنایا۔

کیمرون وائٹ کو میچ میں سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ کیمرون وائٹ نے اوول میں کھیلے جانے والے پچھلے ایک روزہ میچ میں نصف سنچری بنائی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا میچ بارہ ستمبر کو لارڈز کے میدان میں کھیلا جائے گا۔

رپورٹ عاطف توقیر

ادارت امجد علی