1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز: عمر اکمل ٹیم سے خارج

مقبول ملک12 نومبر 2015

پاکستان کرکٹ بورڈ نے متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف اسی مہینے کھیلی جانے والی تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے عمر اکمل کو ڈسپلن کی خلاف ورزی کے باعث پاکستانی ٹیم سے خارج کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1H4Zq
Cricket Afghanistan vs Pakistan 27.02.2014
عمر اکمل کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہےتصویر: Reuters

اسلام آباد سے جمعرات بارہ نومبر کو موصولہ نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ PCB نے آج کہا کہ عمر اکمل کے خلاف یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کہ وہ پاکستانی شہر حیدر آباد میں ’پی سی بی اور پاکستانی کرکٹ کی ساکھ کو خراب کرنے کا باعث‘ بنے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل اس ہفتے ایک فرسٹ کلاس میچ کھیلنے کے لیے حیدر آباد گئے تھے۔ پی سی بی نے یہ واضح نہیں کہا کہ عمر اکمل نے حیدر آباد میں ایسا کیا کام کیا کہ وہ کرکٹ اور کرکٹ بورڈ کی بدنامی کا سبب بنے۔

پاکستانی ٹیم کے چیف سلیکٹر ہارون رشید نے بتایا کہ کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر اکمل کا نام متحدہ عرب امارات میں انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے والے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے اور انہیں شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

مختلف نیوز ایجنسیوں نے بتایا ہے کہ عمر اکمل کے خلاف پی سی بی کا فیصلہ غالباﹰ ملکی میڈیا کی ان رپورٹوں کے بعد کیا گیا ہے، جن کے مطابق عمر اکمل حیدر آباد میں قیام کے دوران ایک گھر میں ہونے والی ایک پارٹی میں مبینہ طور پر ’غیر اخلاقی حرکتوں‘ میں ملوث تھے۔ پاکستانی میڈیا کے مطابق اس دروان عمر اکمل کے ساتھ عظیم گھمن بھی تھے، جو ماضی میں پاکستان کی انڈر 19 قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہ چکے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم جن 17 کھلاڑیوں میں سے منتخب کی جائے گی، ان میں اب عمر اکمل کی جگہ آل راؤنڈر عماد وسیم کو شامل کیا گیا ہے۔ لیکن عماد وسیم چونکہ اپنی ایک انگلی ٹوٹی ہونے کی وجہ سے زخمی ہیں، لہٰذا اگر وہ 26 نومبر کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ تک فٹ نہ ہوئے تو ان کی جگہ سترہ رکنی اسکواڈ میں آخری کھلاڑی کے طور پر آل راؤنڈر بلال آصف کو شامل کیا جائے گا۔

Cricket One Day International World Cup Pakistan England
عمر اکمل حیدر آباد میں قیام کے دوران ایک گھر میں ہونے والی ایک پارٹی میں مبینہ طور پر ’غیر اخلاقی حرکتوں‘ میں ملوث تھےتصویر: AFP/Getty Images/W. West

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 27 نومبر کو اور تیسرا اور آخری 30 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستانی اسکواڈ میں پہلی مرتبہ دھوں دار بلے بازی کرنے والے مڈل آرڈر بیٹسمین رفعت اللہ مہمند کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ان کا تعلق پشاور سے ہے اور منتخب کیے جانے کی صورت میں وہ پاکستان کی طرف سے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلیں گے۔ رفعت اللہ کی اسکواڈ میں سلیکشن حالیہ ڈومیسٹک سیزن میں ان کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے عمل میں آئی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کی قیادت شاہد آفریدی کریں گے۔