1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگلینڈ کے ’مائیکل بیون‘ نے آسٹریلیا کو مات دی

23 جون 2010

اگرچہ فیفا ورلڈ کپ میں انگینڈ کا آغاز اچھا نہیں رہا ہے تاہم انگلش کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں چار وکٹوں سے شاندار کامیابی حاصل کی۔

https://p.dw.com/p/O0Su
اوئن مورگن نے دلکش سنچری سکور کیتصویر: AP

آسٹریلیا اورانگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان منگل کے روز ’نیٹ ویسٹ‘ سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اووروں میں سات وکٹوں کے نقصان پر 267 رنز بنائے۔ انگلینڈ نے مڈل آرڈر بیٹسمین اوئن مورگن کی دلکش سنچری کی بدولت کامیابی سے اپنے ہدف کا تعاقب کیا۔

بیسویں اوور میں انگلینڈ نے ستانوے کے مجموعی سکور پر اپنے چار اہم کھلاڑی گنوا دئے تھے لیکن پھر ہونہار نوجوان بلے باز اوئن مورگن نے آل راوٴنڈر لیوک رائٹ کے ساتھ شاندار شراکت میں ٹیم کا سکور 192 تک پہنچا دیا۔ لیوک رائٹ نے چھتیس رنز بنائے۔

Andrew Strauss
میچ کے بعد انگلش ٹیم کے کپتان سٹراؤس نے مورگن کا موازنہ ’مائیکل بیون‘ کے ساتھ کیاتصویر: ap

اس کے بعد مورگن نے ٹم بریسنن کے ساتھ مل کر ٹیم کی کشتی کو کنارے لگا دیا۔ مورگن نے سولہ چوکوں کی مدد سے محض پچاسی گیندوں پر 103رنز بنائے اور آخر تک ناٹ آوٴٹ رہے۔ اپنی بہترین کارکردگی کے نتیجے میں مورگن مین آف دی میچ قرار پائے۔

انگلش کپتان اینڈریو سٹراوٴس نے میچ کے بعد لیفٹ ہینڈر بیٹسمین اوئن مورگن کا موازنہ سابق آسٹریلوی مایہ ناز کھلاڑی مائیکل بیون کے ساتھ کیا۔ بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے مائیکل بیون میچ کے مشکل مراحل میں اکثر اپنی ٹیم کو جیت دلانے کے لئے مشہور تھے۔ بیون نے 232 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔ اپنے ون ڈے کیریئر میں بیون نے 53 سے بھی زائد کی اوسط سے تقریباً سات ہزار رنز بنائے، جن میں چھ سنچریاں شامل تھیں۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اینڈریو سٹراوٴس نے مورگن کی تعریف میں کہا:’’مارگی کے بارے میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ ایک اچھا جارحانہ ’فینشر‘ ہے۔ اس کے کھیلنے کے انداز سے مخالف ٹیم کا کپتان دباوٴ کا شکار ہو جاتا ہے۔‘‘

Cricket England Australien
انگلش ٹیم نے اس میچ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیاتصویر: AP

اپوزیشن ٹیم آسٹریلیا کے کپتان رکی پونٹنگ نے بھی مورگن کی اننگز کی زبردست ستائش کی۔’’مورگن نے بہت ہی زبردست کھیلا۔ پچاسی بالز پر سنچری بنانا اور وہ بھی جب آپ ہدف کا تعاقب کر رہے ہوں، یہ واقعی ایک سپیشل اننگز ہے۔‘‘

آسٹریلوی ٹیم یہ ون ڈے سیریز اپنے زخمی فاسٹ بولرز بریٹ لی، مچل جانسن، بین ہلفین ہاوٴس اور پیٹر سڈل کے بغیر ہی کھیل رہی ہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے نائب کپتان مائیکل کلارک نے سب سے زیادہ ستاسی رنز بنائے جبکہ آل راوٴنڈر جیمز ہوپس نے چونتیس رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلش ٹیم کی طرف سے لیوک رائٹ، جیمز اینڈرسن اور براڈ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلوی فاسٹ بولر رائن ہیرس نے بیالیس رنز کے عوض تین انگلش کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

روایتی حریفوں کے درمیان ’نیٹ ویسٹ‘ ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ چوبیس جون کو کارڈف میں کھیلا جارہا ہے۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں