1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگلینڈ کے ہاتھوں جنوبی افریقہ کو شکست

22 نومبر 2009

پال کالنگ ووُڈ کی سنچری کی بدولت مہمان ٹیم انگلینڈ نے سینچوریئن کے سپر سپورٹ پارک میں میزبان جنوبی افریقہ کو دوسرے ایک روزہ میچ میں بآسانی سات وکٹوں سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/Kd18
کالنگ ووڈ نے شاندار سنچری بنائیتصویر: AP

انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کے سامنے 251 رنز کا ہدف رکھا، جسے انگلینڈ نے بغیر مشکلات کے حاصل کرلیا۔ انگلینڈ کی طرف سے اوپنر جوناتھن ٹراٹ نے 87 جبکہ ’مین آف دی میچ‘ پال کالنگ ووڈ نے 105 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کے کپتان اینڈریو سٹراس اور سٹار بیٹسمین کیون پیٹرسن جلدی آوٴٹ ہوگئے۔ سٹراس 16 جبکہ پیٹرسن چار رنز بنا سکے تاہم کالنگ ووڈ اور جوناتھن ٹراٹ نے زبردست شراکت میں 162 رنز جوڑے۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں رہا، کپتان گریم سمتھ محض 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم جنوبی افریقہ کی جانب سے اوپنر ہاشم آملا اور مڈل آرڈر بیٹسمین ایلویرو پیٹرسن نے نصف سنچریاں سکور کیں جبکہ وکٹ کیپر مارک باوٴچر تیس رنز بناکر آخر تک ناٹ آوٴٹ رہے۔ جنوبی افریقہ نے نو وکٹوں کے نقصان پر 250 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی طرف سے جیمز اینڈرسن نے 60رنز کے عوض تین اور ٹم بریسنن نے 46 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ پال کالنگ ووڈ اور لیوک رائٹ نے بھی نپی تلی بولنگ کی۔ جنوبی افریقہ کے سٹار بلے باز ژاک کیلس پسلی کے فریکچر کے باعث اس ون ڈے سیریز میں شرکت نہیں کررہے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ جوہانسبرگ میں بارش کی نذر ہوگیا تھا۔ سیریز کا تیسرا میچ 27 نومبر کو کیپ ٹاوٴن میں کھیلا جائے گا۔ پانچ میچوں پر مبنی اس ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ اس سے پہلے دو میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز ایک۔ایک سے برابر ہوگئی تھی۔

رپورٹ : گوہر نذیرگیلانی

ادارت : شادی خان سیف