1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انگلیڈ ٹیم بقیہ ایک روزہ میچ نہیں کھیلے گی؟

27 نومبر 2008

انگلینڈ نے ممبئی میں ہونے والے دہشتگردانہ حملوں کے بعد اپنے بقیہ دورہ بھارت سےدستبردارہونےکافیصلہ کرلیا ہے۔ انگلش ٹیم ان واقعات کےبعد واپس وطن جانےکافیصلہ کرچکی ہے تاہم ٹیسٹ میچ کھیلنے انگلش ٹیم دوبارہ بھارت آئے گی۔

https://p.dw.com/p/G3NX
انگلینڈ، سات میچوں کی سیریز کے آخری دو ایک روزہ میچز نہیں کھیلے گا۔تصویر: AP

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ للیت مودی نےکہا ہے کہ انگلینڈ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان جاری سات ایک روزہ میچوں کے بقیہ دو میچ نہیں ہوں گے تاہم ان کا کہنا تھا کہ انگلش بورڈ نے ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان 11دسمبر سے شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ شیڈول کے مطابق ہو گا لیکن مودی کا یہ بھی کہنا تھا کہ انگلش بورڈ نے درخواست کی ہے کہ ممبئی میں کھیلے جانے والے میچ کو کسی اور شہرمنتقل کر دیا جائے۔ مودی کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ہم تمام آپشنز پر غور کر رہے ہیں۔

اس سے پہلے بھارتی کرکٹ بورڈ کے ترجمان دیوندر پرابوڈیسائی نے خبر ایجنسی AFP سے بات کرتے ہوئے کہاتھا کہ انگلینڈ، سات میچوں کی سیریز کے آخری دو ایک روزہ میچز نہیں کھیلے گا۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچوں کے بارے میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا کہ آیا انگلینڈ کی ٹیم یہ ٹیسٹ میچ کھیلنے دوبارہ بھارت آئے گی یا نہیں۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر Hugh Morris نے ممبئی دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کے لئے اپنی اور ٹیم کی جانب سے دکھ کا اظہار کیا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کی سیکیورٹی انگلش بورڈ کی سب سے پہلی ترجیح ہے اوراس پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ اس حوالے سے انگلینڈ کی ٹیم نے برطانوی وزارت خارجہ سے بھی رابطہ کیا ہے تاکہ اس وزارت کی رائے بھی معلوم کی جا سکے۔

ون ڈے سیریز کے بقیہ دو میچ نہ کھیلنے کی بابت انگلینڈ کی ٹیم کی جانب سے بھی باقاعدہ اعلان جلد متوقع ہے۔ واضح رہے کہ سات ایک روزہ مقابلوں کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 11 دسمبر سے احمد آباد میں پہلا اور 19 دسمبر سے ممبئی میں دوسرا کرکٹ ٹیسٹ کھیلا جانا تھا۔