1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انیس عامری کے بھانجے کو تیونس میں گرفتار کر لیا گیا

عابد حسین
24 دسمبر 2016

تیونس کے سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ برلن حملے کے مبینہ ملزم انیس عامری کے بھانجے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ دونوں مسلسل رابطے میں تھے۔

https://p.dw.com/p/2Uq2W
Tunesien Razzia Islamisten Polizei
تصویر: Reuters/Z.Souissi

برلن کی کرسمس مارکیٹ پر حملہ کرنے والے انیس عامری کے بھانجے کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عامری کے ساتھ مسلسل رابطوں کے باعث اس کے بھانجےحراست میں لیا گیا ہے۔ تیونس حکام نے عامری کے بھانجے کے ساتھ دو اور افراد کو بھی حراست میں لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں کی عمریں اٹھارہ سے ستائیس برس کے درمیان ہیں۔ تیونسی سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ تمام لوگ ایک دہشت گردانہ نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔

تیونسی وزارت داخلہ کے مطابق انیس عامری کئی برسوں سے اپنے بھانجے کے نام رقوم روانہ کرنے کے علاوہ اُس کے اندر انتہا پسندی کی ترویج بھی کرتا رہا تھا۔ عامری اپنی بہن کے بیٹے کو ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی ’اطاعت و بیعت‘ کرنے کی ترغیب بھی دیا کرتا تھا۔

 تیونسی پولیس نے بھی تصدیق کر دی ہے کہ دہشت گرد نیٹ ورک کے جو افراد گرفتار کیے گئے ہیں، ان میں ایک انیس عامری کی بہن کا بیٹا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق گرفتاری کے بعد کی جانے والی پوچھ گچھ میں بھانجے نے بتایا کہ اُس کا اپنے ماموں عامری کے ساتھ رابطہ مسلسل رہا ہے۔

Familie von Anis Amri
تیونس میں برلن حملے کے مبینہ ملزم انیس عامری کا خاندان، اُس کی ایک تصویر کے ساتھتصویر: picture-alliance/dpa/M. Messara

بھانجے کے مطابق رابطوں کے لیے ٹیلی گرام کا بھی استعمال کیا جاتا تھا۔ اس پوچھ گچھ میں عامری کے بھانجے نے اعتراف کیا کہ اُس کے ماموں نے اُس کو تلقین کی تھی کہ وہ ’تکفیری عقائد‘ کو اپنائے اور ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے ساتھ اطاعت بھی کرے۔ اس نے یہ بھی کہا کہ عامری اُس کو رقم کی ترسیل جاری رکھے ہوئے تھا تاکہ وہ کسی طرح جرمنی پہنچ سکے۔

اس تفتیشی عمل میں شریک بھانجے کے نام کو ظاہر نہیں کیا گیا۔ بھانجے کے مطابق عامری جرمنی میں قائم جہادی گروپ ’ابو والع بریگیڈ‘ کا رکن تھا اور جہادی عقائد کی ترویج و تبلیغ کرنے والے ابو والع اُسے اپنا ’پرنس‘ قرار دیا کرتے تھے۔

تیونس کی وزارت داخلہ نے یہ تفصیل ظاہر نہیں کہ عامری کے بھانجے اور دو دوسرے افراد کو کب اور کس مقام سے گرفتار کیا گیا ہے۔ عامری کے بھانجے کی طرح تمام افراد کے نام صیغہٴ راز میں رکھے جا رہے ہیں۔

 برلن کی کرسمس مارکیٹ پر حملہ کرنے والا انیس عامری جمعہ، 23 دسمبر کی علی الصبح اطالوی شہر میلان کے نواحی علاقے سیسٹو سان گیووانی میں پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا۔ کرسمس مارکیٹ پر ٹرک حملے میں ایک درجن ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہوئے تھے۔