1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما۔پاول: ’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘

گوہر نذیر گیلانی20 اکتوبر 2008

سابق امریکی وزیر خارجہ کولین پاول نے صدارتی عہدے کے ڈیموکریٹ امیدوار باراک اوباما کی حمایت کی ہے۔

https://p.dw.com/p/FdCS
رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق باراک اوباما کو اپنے حریف جان میکین پر واضح سبقت حاصل ہےتصویر: AP

’’این بی سی‘‘ کے ’’میٹ دی پریس‘‘ پروگرام میں کولین پاول نے صدارتی عہدے کے لئے اوباما کو رپبلکن جان میککین پر ترجیح دی۔ موجودہ صدر جارج بُش کے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر حتمی صدارتی انتخابات میں اوباما کی فتح ہوتی ہے، تو یہ بات صرف افریقی نژاد امریکیوں کے لئے ہی نہیں بلکہ تمام امریکیوں کے لئے باعث فخر ہوگی۔

پاول نے کہا کہ اگر اوباما صدر بن جاتے ہیں تو اس سے نہ صرف امریکہ میں، بلکہ پوری دنیا میں ہلچل اور سنسنی پیدا ہوگی کیوں کہ ڈیموکریٹ سینیٹر بہت ساری صلاحیتوں کے مالک ہیں۔

Kalenderblatt US-Präsident George W. Bush ernennt Colin Powell Außenminister
سن دو ہزار کی ایک پرانی تصویر میں موجودہ امریکی صدر جارج بُش اور سابق وزیر خارجہ کولین پاولتصویر: AP

چار نومبر کو امریکہ میں حتمی صدارتی انتخابات ہورہے ہیں اور اس سے محض دو ہفتے قبل کولین پاول کی طرف سے حمایت اوباما کے لئے بہت معنی رکھتی ہے۔ عوامی جائزوں میں اوباما کو اپنے حریف رپبلکن سینیٹر جان میکین پر سبقت حاصل ہے۔

واشنگٹن میں ہمارے ساتھی انور اقبال کہتے ہیں کہ کولین پاول کا بیان سیاہ فام ڈیموکریٹ سینیٹر کے لئے معنی خیز ہے اور اس سے امریکہ میں باراک اوباما کو مزید مقبولیت اور حمایت حاصل ہوگی۔

USA Wahlen Barack Obama in Portland Dossierbild Links
باراک اوباما ایک انتخابی مہم کے دوران اپنے ہزاروں حامیوں سے مخاطب ہوتے ہوئےتصویر: AP

ایک سوال کے جواب میں انور اقبال نے تاہم کہا کہ پاکستان کے تئیں باراک اوباما کے جارحانہ اور سخت ترین لہجے کے باعث امریکہ میں بعض مسلمان ان سے ناراض ہیں۔ لیکن انور اقبال کے مطابق بیانات اپنی جگہ، صدر بننے کی صورت میں اوباما کی پاکستان پالیسی کچھ زیادہ مختلف نہیں ہوگی بلکہ عین ممکن ہے کہ موجودہ پالیسی سے بہتر ہی ہوگی۔