1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما اور کرزئی کی ویڈیو کانفرنس، افغانستان کی صورتحال پر غور ہو گا

7 جون 2011

امریکی صدر باراک اوباما اپنے افغان ہم منصب حامد کزرئی کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کریں گے۔ اس کانفرنس میں افغانستان سے امریکی افواج کے مرحلہ وار انخلاء کے علاوہ افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/11VTm
اوباما اور کرزئیتصویر: AP

امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر اور ان کے افغان ہم منصب کے مابین بدھ کو ہونے والی ہونے والی اس ویڈیو کانفرنس سے قبل اوباما نے اپنی قومی سلامتی کی ٹیم سے تفصیلی مشاورت کی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنے نے بتایا ہے کہ نیشنل سیکورٹی ٹیم سے اپنی ملاقات میں امریکی صدر نے افغانستان میں سکیورٹی کی صورتحال پر گفتگو کےعلاوہ ہمسایہ ملک پاکستان کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔

دو مئی کو پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد امریکی صدر باراک اوباما نے اپنی قومی سلامتی کی ٹیم کے ساتھ پاکستان اور افغانستان کی صورتحال پر پہلی مرتبہ تبادلہ خیال کیا ہے۔

اوباما اور کرزئی کے درمیان ہونے والی اس ویڈیو کانفرنس سے قبل افغان صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران شہری ہلاکتوں پر ایک مرتبہ پھر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے کرزئی نے کہا تھا کہ افغانستان میں تعینات امریکی اتحادی افواج کی فضائی کارروائیوں کے نتیجے میں اگر شہری ہلاکتوں کا سلسلہ جاری رہا، تو سلامتی کی صورتحال مزید پیچیدہ ہو جائے گی۔

NO FLASH Obama Besuch Afghanistan Soldaten
امریکی صدر باراک اوباماتصویر: picture alliance/landov

یہ امر اہم ہے کہ ابھی تک امریکی صدر باراک اوباما کی انتظامیہ نے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلاء کے طریقہ کار پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ جے کارنے کے بقول منگل کو اوباما اور قومی سلامتی کی ٹیم کے مابین ہونے والی مشاورت میں بھی اس موضوع پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امریکی افواج کی واپسی کے طریقہ کار کا حتمی فیصلہ زمینی صورتحال کی پرکھ کے بعد کیا جائے گا۔ تاہم کارنے نے کہا کہ اس بارے میں فیصلہ جلد ہی کر لیا جائے گا۔

امریکی ذرائع ابلاغ میں ایسی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد امریکی صدر کی انتظامیہ افغانستان سے امریکی افواج کی واپسی کے طریقہ کار پر دوبارہ غور کر رہی ہے۔ نیو یارک ٹائمز کے بقول پہلے کے مقابلے میں اب تازہ صورتحال میں زیادہ بڑی تعداد میں امریکی فوجیوں کی واپسی پر غور کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں