1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما نے مالیاتی ضوابط کے قانون کی منظوری دے دی

22 جولائی 2010

امریکی صدر باراک اوباما نے مالیاتی ضوابط کے قانون کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے اسے بینکاروں، کسانوں اور تاجروں سمیت ہر کسی کے لئے تحفظ کی ضمانت قرار دیا ہے جبکہ تاجر برادری نے اس پر ملے جلے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/ORCv
امریکی صدر باراک اوباماتصویر: AP

اس قانون پر دستخط کی تقریب میں وال سٹریٹ کے بینکروں، کاروباری افراد اور سینیٹروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کو معیشت کے تحفظ کے لئے ڈوبتی ہوئی کمپنیوں کی پھر کبھی مدد نہیں کرنا پڑے گی۔

انہوں نے کہا، ’اس قانون کی بدولت، امریکی عوام کو وال سٹریٹ کی غلطیوں کا بوجھ اٹھانے کے لئے پھر کبھی کہا نہیں جائے گا۔‘

امریکی صدر کو وال سٹریٹ کے لئے مالیاتی پیکیج جاری کرنے پر اپنے ووٹروں کے شدید ردعمل کا سامنا رہا ہے جبکہ یہ پیکیج بازار حصص میں ملازمتوں کی بحالی کا محرک ثابت نہ ہوسکا۔

نئے قانون کو لیہمن برادرز کے دیوالیہ ہونے سے پیدا ہونے والے عالمی اقتصادی بحران کے بعد منظر عام پر آنے والی جامع ترین قانون سازی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد امریکی بازار حصص میں کاروبار کے لئے خطرناک رجحانات کو روکنا ہے، جن کے باعث امریکی معیشت خطرے میں پڑی۔

USA Finanzkrise New York Börse Wall Street Straßenschild
نئے قانون کا مقصد بازار حصص کے خطرناک رجحانات پر قابو پانا ہےتصویر: AP

مالیاتی ضوابط کے اس قانون پر امریکہ کی بزنس کمیونٹی کے ردِ عمل کے حوالے سے خبررساں ادارے روئٹرز کا کہنا ہے کہ بااثر کاروباری گروپوں نے اس پر تنقید کی ہے، جس سے تاجر برادری کے ساتھ اوباما کے سرد تعلقات کھل کر سامنے آئے ہیں۔ تاہم وال سٹریٹ میں بعض ایسے بھی ہیں جنہوں نے اس قانون کا خیرمقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس سے مالیاتی ضوابط واضح ہو گئے ہیں۔

اس قانون کو کانگریس میں طویل بحث کا سامنا رہا ہے اور سینیٹ نے اس کی حتمی منظوری گزشتہ ہفتے دی۔ اس کا ایک مقصد صارفین کو تحفظ فراہم کرنا بھی ہے۔

خبررساں ادارے روئٹرز کا کہنا ہے کہ کانگریس کے لئے نومبر کے انتخابات میں ریپبلکن پارٹی اکثریت حاصل کرتی دکھائی دیتی ہے۔ ایسے میں اوباما حکومت ڈیموکریٹس ووٹروں کو یہ بتانا چاہتی ہے کہ ملکی معیشت کو گزشتہ 70 برس کے بدترین مالیاتی بحران میں دھکیلنے کی ذمہ دار صنعت کے خلاف سخت قانون سازی کی گئی ہے۔

تاہم اوباما اور حکمران جماعت کی جانب سے اس آئینی فتح کا سیاسی فائدہ اٹھانا ابھی باقی ہے جبکہ امریکی عوام بے روزگاری کی 9.5 فیصد شرح اور بڑھتے ہوئے خسارے کے باعث پریشان ہیں۔

مالیاتی ضوابط کے میدان میں اصلاحات اندرون ملک اوباما کے لئے ایک بڑی کامیابی رہی ہے۔ رواں سال کے آغاز پر انہوں نے صحت کے شعبے کو بہتر بنانے کے لئے بھی قانون کی منظوری دی۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں