1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اوباما ہمارے ساتھ شامل ہوں، ’وال اسٹریٹ پر قبضہ کرو‘ مظاہرین

16 نومبر 2011

منگل کے روز ’وال اسٹریٹ پر قبضہ کرو‘ تحریک سے وابستہ 300 سے زائد مظاہرین نے وائٹ ہاؤس کی طرف مارچ کیا اور امریکی صدر باراک اوباما کو ان کی غیر حاضری میں دعوت دی کہ وہ بھی ان کی تحریک میں شامل ہو جائیں۔

https://p.dw.com/p/13BD5
تصویر: DW

مظاہرین کی طرف سے یہ مارچ نیویارک میں اس تحریک کے ارکان کو پولیس کی جانب سے بزور طاقت ایک پارک سے بیدخل کیے جانے کے بعد کیا گیا۔ تاہم ان مظاہرین کی اکثریت اس بات سے آگاہ نہیں تھی کہ امریکی صدر باراک اوباما اُس وقت اپنے دورہ آسٹریلیا کے لیے روانہ ہو چکے تھے۔

جذباتی مگر پرامن مظاہرین نعرے لگا رہے تھے، ’ہم اوباما کو اپنی تحریک میں خوش آمدید کہنا چاہتے ہیں‘ اور ’ہم باہر موجود ہیں آؤ اور ہمارے ساتھ شامل ہو جاؤ‘۔ مظاہرین نے نیویارک سٹی کے میئر مائیکل بلومبرگ کے خلاف شیم شیم کے نعرے بھی لگائے۔

زُکوٹی پارک میں دو ماہ سے ڈیرے لگائے مظاہرین کو پولیس نے زبردستی بے دخل کر دیا
زُکوٹی پارک میں دو ماہ سے ڈیرے لگائے مظاہرین کو پولیس نے زبردستی بے دخل کر دیاتصویر: dapd

’وال اسٹریٹ پر قبضہ کرو‘ تحریک دراصل عالمی سرمایہ داری نظام سے بیزاری پر مبنی ہے۔ یہ مظاہرین خود کو امریکہ کے ’نناوے فیصد‘ افراد کے نمائندہ قرار دیتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ امریکی سرمایہ دار، مالیاتی ادارے اور حکمران طبقات سے تعلق رکھنے والے 'ایک فیصد‘ لوگ ان کے جائز حقوق ان کو نہیں دے رہے۔ مظاہرین کا مؤقف ہے کہ امریکی معاشی نظام جس طرح چلایا جا رہا ہے وہ امریکی عوام اور دنیا بھر کے لوگوں کے لیے نقصان دہ ہے۔

منگل کی صبح نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں موجود زُکوٹی پارک Zuccotti Park میں دو ماہ سے ڈیرے لگائے مظاہرین کو پولیس نے زبردستی بے دخل کر دیا اور پارک میں لگے ان کے خیمے اکھاڑ دیے۔ اس دوران مظاہرین کی طرف سے مزاحمت بھی کی گئی۔ پولیس نے اس آپریشن کے دوران قریب 200 مظاہرین کو گرفتار کیا۔

پولیس نے اس آپریشن کے دوران قریب 200 مظاہرین کو گرفتار کیا
پولیس نے اس آپریشن کے دوران قریب 200 مظاہرین کو گرفتار کیاتصویر: dapd

پولیس کی طرف سے زکوٹی پارک آپریشن کے بعد مظاہرین دن بھر وال اسٹریٹ کے قریبی علاقے میں اپنا احتجاجی کیمپ قائم کرنے کی کوشش کرتے رہے اور اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان دن بھر بلی چوہے کا کھیل جا رہا۔

تاہم منگل کی شام نیویارک انتظامیہ کی طرف سے زکوٹی پارک کو دوبارہ کھول دیا گیا۔ وال اسٹریٹ پر قبضہ کرو تحریک کے ارکان پارک میں داخل تو ہوئے مگر انہیں وہاں پر خیمے گاڑنے یا رات گزارنے کے لیے سلیپنگ بیگز بچھانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

رپورٹ: افسر اعوان / خبر رساں ادارے

ادارت: ندیم گِل

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں